اٹلی میں لاپتہ ثمن کے چچا نے فرانس میں اہم بیان دے دیا

0

روم: اٹلی میں 8 ماہ سے لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے گرفتار چچا نے فرانس کی عدالت میں اہم بیان دے دیا، قانونی محاذ پر ایک بڑی دستبرداری اختیار کرلی ہے، اور خود کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جج کو اس حوالے سے اہم بیان دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ریجو ایمیلیا کے علاقے نووی لارا Novellara میں اپریل کے آخری دنوں میں پاکستانی لڑکی ثمن عباس لاپتہ ہوگئی تھی، جس کی تفتیش کے دوران اطالوی پولیس کے سامنے یہ بات آئی تھی کہ لڑکی اٹلی میں ایک پاکستانی لڑکے سے پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی، جبکہ گھر والے اس کی شادی پاکستان میں اس کے ایک عزیز سے کرانا چاہتے تھے، جس پر تنازعہ چل رہا تھا، ثمن کے لاپتہ ہونے کے فوری بعد اس کے والدین تو پاکستان چلے گئے تھے، تاہم اطالوی حکومت نے اس کے دو کزنز اور چچا کی تلاش شروع کی تھی، جس میں سے ایک کزن فرانس سے گرفتار ہوگیا تھا، اور اٹلی میں قید ہے، جبکہ اس کا چچا دانش حسین بھی 3 ماہ قبل پیرس سے گرفتار کرلیا گیا تھا، جسے اطالوی حکام اس کیس کا مرکزی کردار سمجھتے ہیں۔

تاہم دانش حسین نے حوالگی کی اطالوی درخواست کو فرانس کی عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا، جس کی وجہ سے اس کی حوالگی تعطل کا شکار تھی، لیکن اب اس نے حوالگی کے خلاف اپنے موقف سے دستبرداری اختیار کرلی ہے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق دانش حسین نے اب فرانسیسی عدالت میں بیان دیا ہے کہ اسے اگر اٹلی کے حوالے کردیا جاتا ہے، تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے، کیوں کہ فرانس میں قید رہنا وقت کا ضیاع ہے، دانش حسین کے اس بیان کے بعد فرانسیسی عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، جو ایک ہفتہ میں سنائے جانے کی توقع ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.