اٹلی میں نئے بونس کیلئے درخواستیں لاکھوں میں پہنچ گئیں

0

روم: اٹلی میں نئے بونس کے لئے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی، اور ابتدائی چند روز میں ہی بونس کی درخواستوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ گئی ہے، نئے بونس کے لئے اطالوی ادارہ آن لائن درخواستیں وصول کررہا ہے، بونس کی ادائیگی مارچ سے شروع کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے بچوں کے مختلف بونس ختم کرکے نیا سنگل بونس متعارف کرانے کی منظوری دی ہے، جس کے لئے یکم جنوری سے اطالوی ادارہ INPS نے درخواستوں کی وصولی شروع کی ہے، درخواستوں کی وصولی کے پہلے ہفتے کے دوران ہی 2 لاکھ 66 ہزار 309 درخواستیں وصول ہوگئی ہیں، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 10 بچوں کے لئے والدین نے بونس اپلائی کیا ہے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق درخواستیں INPS کی ویب سائٹ پر آن لائن وصول کی جارہی ہیں، اور بونس کی ادائیگی مارچ سے شروع کی جائے گی، جس کے ساتھ ہی بچوں کے پرانے سارے بونس ختم کردئیے جائیں گے۔

اٹلی میں رہنے والے جو خاندان اگر درخواست میں تاخیر کا شکار ہوتے ہیں، تو تب بھی جون 2022 تک اس نئے سنگل بونس کے لئے درخواستیں دینے والوں کو مارچ سے واجبات بھی ادا کئے جائیں گے، اس نئے بونس سے 70 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا، اور ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد بچے اس میں شامل ہوں گے، INPS نے نئے بونس اور نظام کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کردی ہے، اور کمپنیوں کو اس حوالے سے نوٹس بھیجے جارہے ہیں، تاکہ وہ اپنے ملازمین کو آگاہ کرسکیں، اطالوی ادارہ کے سربراہ Pasquale Tridico کا کہنا ہے کہ سنگل بونس سے نہ صرف خاندانوں کو فائدہ ہوگا، بلکہ اس سے شرح پیدائش پر بھی مثبت اثرات کی توقع ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.