یورپی ملک کا سرحدی علاقے میں آپریشن، پاکستانیوں سمیت سینکڑوں غیرملکی پکڑے گئے

0

برسلز: یورپی ملک نے غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے غیرملکیوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا ہے، جس کے دوران پاکستانیوں سمیت سینکڑوں غیر ملکی پکڑے گئے ہیں، ان میں سے بیشتر گروپوں کی صورت میں دوسرے یورپی ملکوں کی طرف جانے کی کوشش کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق بلقان روٹ پر واقع یورپی ملک سربیا نے یہ آپریشن کیا ہے، سربیا یورپی یونین میں شامل نہیں ہے، تاہم یہ یورپی یونین میں داخلے کے خواہشمند غیرملکیوں کے لئے اہم روٹ سمجھا جاتا ہے، ویب سائٹ ’’انفو مائیگرینٹ‘‘ نے سربیا کے میڈیا کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ آپریشن پیر 7 فروری کو کیا گیا، جس کے دوران سربیا کی پولیس نے سینکڑوں غیرملکیوں کو تحویل میں لے لیا، جو سربیا سے آگے یورپی یونین کے رکن ممالک میں جانے کیلئے کوشاں تھے، یہ آپریشن ہنگری، کروشیا اور رومانیہ سے ملحقہ علاقوں میں کیا گیا ہے، تحویل میں لئے گئے غیرملکیوں کو ابتدائی طور پر ریسپشن سینٹرز میں منتقل کردیا گیا ہے، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

سربیا کے وزیر داخلہ الیگزینڈر وولن نے بھی آپریشن والے علاقوں کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے مقامی پولیس حکام سے ملاقات کی ، اور ملک میں غیرقانونی داخل ہونے والے غیرملکیوں کے خلا ف ان کے آپریشن کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ہم سربیا کو تارکین کے لئے پارکنگ لاٹ نہیں بننے دیں گے، انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا اور تارکین کو انسانی اسمگلرز سے بچانا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.