اٹلی میں تارکین کے بگڑے بچوں پر مشتمل ’’چھوٹو گینگ‘‘ پکڑا گیا

0

بلونیا: اٹلی کے شہر بلونیا میں تارکین وطن کے بچوں پر مشتمل چھوٹو گینگ پکڑا گیا ہے، جنہوں نے علاقے میں وارداتوں کے ذریعہ اودھم مچایا ہوا تھا، پولیس کو کئی ماہ سے اس چھوٹو گینگ کی تلاش تھی، اور بالاخر اب 4 کارندے پولیس کے ہاتھ آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر بلونیا میں گزشتہ چند ماہ سے ایک چھوٹو گینگ سرگرم تھا، اور وہ ڈکیتی و رہزنی کی کئی وارداتیں کرچکا تھا، جبکہ دسمبر میں ایک جوڑے کو لوٹنے کے دوران انہوں نے لڑکی کے ساتھ دست درازی بھی کی تھی، بلونیا پولیس کا کہنا ہے کہ اس گینگ نے ایک دن تو ایک گھنٹے کے اندر ڈکیتی و رہزنی کی 5 وارداتیں کیں، جو بلونیا کے علاقوں Urbana, Coltellini, Brignoli اور Lame میں کی گئیں، ایک واردات میں انہوں نے لٹنے والے کو مزاحمت پر بوتل سر پر مار کر زخمی بھی کیا، اور اس سے  پیسے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

ان وارداتوں کی اطلاع پر پولیس ان کی تلاش میں تھی کہ اس دوران Riva Reno کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے 3 کارندے ایک اور جوڑے کو لوٹتے نظر آئے، جس پر انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا، جس کی نشاندہی پر ان کے چوتھے ساتھی کو بھی دھرلیا گیا، جس سے ڈکیتی میں چھینی گئی جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزمان کی عمریں 18 برس سے کم ہیں، اور یہ تیونس سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی اولاد ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.