نوازشریف کے پاکستان میں اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی

0

اسلام آباد:نوازشریف کے بینک اکاؤنٹس میں کتنے پیسے موجود ہیں؟، ان کے خاندان کے لندن میں اربوں روپے کے اثاثے ہیں، اس لئے بہت سے لوگوں کی دلچسپی ہوسکتی ہے کہ وہ جانیں کہ پاکستان میں سابق وزیراعظم نے کتنا سرمایہ رکھا ہوا ہے، اور اب ان کے بینک کھاتوں میں جمع رقوم کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نےتوشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم نواز شریف  کے اثاثے    ضبط کرنے کے لئے ان کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا ، جو گزشتہ روز  پیش کردیا گیا، اس ریکارڈ  کو نیب  نے پیش کیا ، جس کےمطابق سابق وزیراعظم  کے پاکستانی بینکوں میں محض چند لاکھ روپے موجود ہیں، نواز شریف کے 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں۔

ان میں پاکستانی روپے  کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں،  جبکہ غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں سے یورو والے اکاوئنٹ میں  566  یورو، برطانوی پاؤنڈز والے اکاوئنٹ میں 498 پاونڈ جبکہ ڈالر اکاوئنٹ میں498 ڈالر   موجود ہیں۔

کمپنیز میں شیئرز

نواز شریف کے4 کمپنیوں میں شیئرز بھی  ہیں، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں وہ  4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 ، اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48ہزار 606 اور حدیبیہ پیپر ملز میں 3لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز کے مالک ہیں۔

گاڑیوں کی تفصیلات

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں جن میں 1 لینڈ کروزر اور 2 مرسڈیز  شامل ہیں جبکہ 2 ٹریکٹرز بھی ان کے نام پرہیں۔

جائیداد کی تفصیلات

نواز شریف مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور میں جائیداد کے مالک ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.