حالیہ سیاسی بیانات پر پاک فوج میں ہر سطح پر غم وغصہ ہے، ترجمان پاک فوج

0

اسلام آباد: ن لیگ کے لندن میں موجود قائد نوازشریف کی جانب سے پاک فوج میں دراڑ ڈالنے اور تقسیم پیدا کرنے کی سازش کے خلاف فوج کا ردعمل آگیا، ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ مسلح افواج ایک منظم ادارہ ہے اور مسلح افواج کی قیادت  اوراس کے رینک و فائلز کو جُدا نہیں کیا جا سکتا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  ڈی جی آئی ایس پی آر کا ن لیگ کا نام لئے بغیر پاک فوج کا سخت ردعمل، ابھی نندن پر بھی کھری کھری سنادیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ سیاسی بیانات پر پاک فوج میں ہرسطح پر غم وغصہ ہے، مسلح افواج کی لیڈر شپ اور اس کے زیر کمان افسران و سپاہیوں میں  کسی قسم کا اختلاف پیدا نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج ایک اکائی ہے اور ایک اکائی رہےگی، مسلح افواج کی قیادت اور رینک اینڈ فائل کو جدا نہیں کیا جاسکتا، مسلح افواج میں سپہ سالار سے جوان تک سب ایک ہیں، جب کسی ادارے کے سربراہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کا مطلب پوری فوج کو نشانہ بنانا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے ابھی نندن کی رہائی سے متعلق ن لیگ کے ایم این اے ایاز صادق کا نام لئے بغیر کہا کہ گزشتہ روز کا بیان پاکستان کی فتح کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے اور اس کے ذریعہ بھارت کوفائدہ پہنچایا گیا، انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک بیان دیا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کرنے کی بات کی گئی، ایسے منفی بیانیے کے قومی سلامتی پر براہ راست اثرات ہوتے ہیں، یہ بیانیہ بھارت کی ہزیمت کو کم کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، جس کا دشمن بھرپور فائدہ اٹھا رہاہے اور اس کی جھلک آج بھارتی میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو منہ کی کھانی پڑی، دشمن کے جہاز جو بارود پاکستان کے عوام پر گرانے آئے تھے، وہ خالی پہاڑوں پر پھینک کر چلے گئے، جواب میں افواجِ پاکستان نےقوم کے عزم و حمیت کے عین مطابق ہندوستان کو دن کی روشنی میں جواب دیا، دشمن کے 2 جہاز گرائے، پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا،ہمیں واضح فتح نصیب ہوئی،پاکستان کی فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے، یہ چیز کسی بھی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں ہے، ابھی نندن کو جینیوا کنونشن کے تحت رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان کے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ایک موقع دیتے ہوئے ابھی نندن کو رہا کیا، پاکستان کے اس فیصلے کو پوری دنیا نے سراہا۔

محمد زبیر کا دعویٰ غلط ہے

ترجمان پاک فوج نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے اس دعویٰ کو غلط قرار دیا ہے، جس میں محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ان کی آرمی چیف سے ملاقات پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے آدھا سچ بتایا، میں نے آدھا سچ نہیں بطور ترجمان پاک فوج پورا سچ بتایا، سچ صرف ایک مرتبہ بولنا پڑتا ہے، سچ بار بار نہیں بولا جاتا اور جو ہم نے بولا ہے وہ آن ریکارڈ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.