کورونا کے باعث دنیا میں عید پھیکی، پاکستانیوں نے بھرپور طریقے سے منائی

0

کرونا کی وبا نے ساری دنیا میں عید کی خوشیاں پھیکی کردیں البتہ اہل پاکستان نے اسے میٹھا بنا لیا۔

کورونا وباء کے باعث سعودی عرب سمیت عرب ممالک، ترکی، ایران، ملائیشیا،مصر الغرض پوری مسلم دنیا اور بھارت و یورپی ممالک کے مسلمان اس بار پابندیوں اور مساجد کی بندش کے باعث نہ تو عید کی نماز ادا کرسکے اور نہ ہی روایتی طور پر گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دینے کا موقع مل سکا۔

ان کی عید گھروں میں بند رہ کر ہی گزر رہی ہے، لیکن پاکستان، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش کے عوام خوش نصیب ہیں کہ وہاں کی حکومتوں نے عید اجتماعات کی اجازت دی۔

کہنے کو تو حکومت پاکستان نے ایس او پی بھی دئیے تھے لیکن یہ بات حکومت بھی جانتی تھی اور عوام بھی کہ یہ ایس او پی بس ضابطے کی کارروائی ہے۔

وزیراعظم عمران خان تو پہلے ہی یہ کہہ کر عوام کو اشارہ دے چکے تھے کہ لوگوں کو مساجد میں عبادت سے نہیں روکا جاسکتا، اور نہ ہی گھروں میں بند رکھا جاسکتا ہے ۔بس پھر کیا تھا۔

اتوار کو عید اجتماعات ہوئے اور معمول کے مطابق اور بھرپور ہوئے، بیشتر مقامات پر لوگوں نے بغیر فاصلہ کے صفیں بنائیں اور پھر جیسے ہی دعا مکمل ہوئی لوگ روایتی طور پر ایک دوسرے سے گلے ملنے لگے۔

گلیوں محلوں میں بھی یہی مناظر دیکھنے کو ملے، ایک دوسرے کی دعوتیں بھی کی جارہی ہیں اور میٹھی عید کو میٹھا کرکے منایا جارہا ہے، آنے جانے اور میل ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیراعظم کے حکم پر ریلوے اور ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوچکی ہے اس لئے آمدو رفت میں بھی کوئی مشکل نہیں رہی،ماسوائے سندھ کے جہاں پی پی پی کی سرکار پبلک ٹرانسپورٹ بند کرکے بیٹھی ہے۔

لیکن اس بار کرونا کی وبا نے ساری دنیا میں عید کی خوشیاں پھیکی کردیں البتہ اہل پاکستان نے اسے میٹھا بنا لیا۔


 

Leave A Reply

Your email address will not be published.