ملکی تقدیر بدلنے والے 2 بڑے منصوبوں پر کام شروع

0

اسلام آباد: پاکستان 50 برسوں بعد پھر سے کروٹ لے رہا ہے اور جنرل ایوب خان کے دور کے بعد ملک میں پہلی بار ڈیموں اور پانی سے بجلی تیار کرنے کے بڑے منصوبوں پر کام شروع ہونے جارہا ہے۔

گزشتہ برس مہمند ڈیم پر کام شروع ہونے کے بعد بھاشا ڈیم کی تعمیر بھی چند روز میں عملی طور پر شروع ہوجائے گی، جس کے لئے چینی کمپنی اور فوج کے ادارے فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن نے مشینری ڈیم کی سائٹ پر پہنچانی شروع کردی ہے۔

اس کے ساتھ  چین کے ساتھ ایک اور بڑے پانی کے منصوبے پر بھی دستخط ہوگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی جنرل (ر) عاصم باجوہ نے کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے معاہدہ پر دستخط کو تاریخی موقع قرار دیا ہے۔

کوہالہ پن بجلی منصوبہ

یہ منصوبہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم پر کوہالہ کے مقام پر تعمیر کیا جائے گا، اور چینی کمپنی اس منصوبے پر 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کرے گی، یہ اب تک کسی ایک منصوبے میں سب سے بڑی چینی سرمایہ کاری ہوگی۔

منصوبہ مکمل ہونے پر 1124 میگاواٹ سستی بجلی پاکستان کو حاصل ہوگی اور مہنگے تیل اور گیس کی درامد سے سالانہ اربوں  روپے کی بچت ہوگی، منصوبے سے آزاد کشمیر میں ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

معاہدہ پر دستخط وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کی موجودگی میں ہوئے، اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور چینی سفیر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ سابقہ حکومتوں نے  پانی سے بجلی کی سستی پیداوار کے بجائے مہنگے اور درامدی تیل سے بجلی  پیدا کرنے کے منصوبے بنائے، جس سے بجلی مہنگی ہوتی گئی اور دوسری طرف تیل کی درامد بڑھنے سے ہمارے ڈالر بھی باہر جاتے رہے ، انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے ساتھ جرم  تھا، ہم نے    ماحول دوست اور سستی بجلی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز  رکھی ہے ۔

تاریخی دن

معاون خصوصی جنرل عاصم سلیم باجوہ جو سی پیک اتھارٹی کے چئیرمین بھی  ہیں، انہوں نے معاہدہ پر دستخط کو تاریخی دن قرار  دیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں  اس منصوبے کو تیزی سے تعمیر کے مرحلے پر  لے آئے ہیں۔

بھاشا ڈیم پر کام شروع

دوسری جانب واپڈا نے بھاشا ڈیم پر بھی تعمیر کا کام شروع کردیا ہے اور ٹھیکہ لینے والی چینی کمپنی اور  ایف ڈبلیو او نے مشینری سائٹ پر  پہنچانا شروع کردی ہے، آئندہ چند روز میں ڈیم کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائےگا، یہ منصوبہ 442 ارب روپے کا ہے، ڈیم میں 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی، اور یہاں سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی حاصل ہوگی، بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلا ڈیم کی عمر میں بھی 35 برس کا اضافہ ہوگا، یہ پاکستان کا سب سے بڑا ڈیم ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.