کروناوائرس؛ عالمی ادارہ صحت نے یورپ کیلئے خطرے کی نئی گھنٹی بجادی

0

پیرس:عالمی ادارۂ صحت نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ  یورپ میں  کرونا کی وبا  کی دوسری لہر سر اٹھانے کی اشارے مل رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یورپ میں ہفتہ وار کیسوں میں  اضافہ دیکھا گیا ہے، وبا کا دوبارہ پھیلاؤ روکنے کیلئے کچھ نہ کیا گیا تو کئی ممالک میں متاثرین کی تعداد خطرناک حد تک جا سکتی ہے۔

عالمی ادارے نے یہ انتباہ ایسے موقع پر کیا ہے جب جرمنی کے ایک گوشت پلانٹ کے 1500 ملازمین کرونا پازیٹو نکلے ہیں، جبکہ اسپین اور پرتگال میں بھی  نئے کیسز سامنے آئے  ہیں۔

عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کے یورپ کیلئے ڈائریکٹر  ہینس  کلوگ نے کہا ہے کہ 30 یورپی ممالک میں گذشتہ دو ہفتوں سے مجموعی کیسز میں اضافہ کا رجحان سامنے آیا ہے، اور اگر اسے یوں ہی چھوڑ دیا گیا تو یورپ میں دوبارہ صحت کے نظام دہانے پر پہنچ جائیں گے۔

ادھر جرمنی میں ویسٹفیلیا ریاست  کے ایک گوشت پلانٹ میں کرونا کیسز سامنے آنے پر علاقہ  دوبارہ بند کردیا گیا ہے، پلانٹ کے 1500 ملازمین کرونا میں  مبتلا نکلے ہیں، اسی طرح اسپین کے شمال مشرقی صوبے آراگون میں باغات میں کام کرنے والے مزدوروں میں وائرس کے اضافے کے بعد وہاں دوبارہ پابندیاں لگادی گئی ہیں۔

جرمنی کے گوشت پلانٹ میں بڑی تعداد میں کیس سامنے آنے پر گوشت پراسس کرنے والی  تمام فیکٹریوں کا معائنہ  شروع کیا گیا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ ان فیکٹریوں میں ٹھنڈا درجہ حرارت بھی اس کی ایک وجہ ہوسکتا ہے، انہوں نے ان پروسیسنگ پلانٹس میں ہوا کے اخراج کے بہتر نظام پر زور دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.