کراچی میں حکام سونے اور کرنسی کا ڈھیر دیکھ کر حیران

0

کراچی:پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے کراچی میں منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے، جس کے دوران ملکی و غیر ملکی کرنسی اور سونے کا انبار برآمد کرلیا گیا، گرفتار  ملزم منی لانڈرنگ کا بڑا نیٹ ورک چلارہے تھے، چھاپہ گرفتار ملزم کی نشان دہی پر مارا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی میں شہید ملت روڈ پر ایک رہائشی عمارت پر چھاپہ مارا جہاں منی لانڈرنگ کا ایک بڑا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا، چھاپہ گرفتار ملزم عبدالجبار میمن کی نشان دہی پر مارا گیا، کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی،  جسے دیکھ کر  ایف آئی اے حکام بھی حیران رہ گئے،  برآمد کرنسی میں ڈالر، پاؤنڈ، ریال، درہم  سمیت دیگر ملکوں کی کرنسی شامل ہے، اس کےعلاوہ کمپیوٹر، گاڑیوں کی رجسٹریشن بُکس اور پراپرٹی دستاویز بھی شامل ہیں۔

برآمد سونے اور کرنسی کی مالیت

ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کا کہنا ہے کہ 15 کروڑ مالیت کی کرنسی و سونا برآمد ہوا ہے، برآمد سونے کی مالیت 14 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ملزمان حوالہ ہنڈی کا وسیع نیٹ ورک چلا رہے تھے، اور کروڑوں  روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔

واضح رہے کہ جولائی میں بھی ایف آئی اے نے کراچی میں کھارادار کے علاقے میں کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو پکڑا تھا، اور دو ملزمان گرفتار کیے گئے تھے، جن کے قبضے سے 92 لاکھ روپے نقد اور 5 قیمتی موبائل فون برآمد کیے گئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.