اسموگ سے نجات، پاکستان میں نئی زرعی مشین تیار

0

اسلام آباد: حکومت کی خود انحصاری پالیسی کو ایک اور کامیابی ملی ہے، اس بار زرعی شعبے میں ایسی نئی مشین کا تجربہ کامیاب ہوا ہے، جس سے فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، حکومت نے نئی مشینیں کسانوں کو فراہم کرنے کیلئے 80 فیصد رقم خود ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے چاول کی کاشت والے علاقوں میں کسانوں کے لئے نئی مشین تیار کی گئی ہے، جس کے استعمال سے کسانوں کو دھان کی فصل کا نچلا حصہ جلانا نہیں پڑے گا، بلکہ یہ مشین اسے خود ہی تلف کرتی رہے گی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ماحولیات ملک امین اسلم نے کسانوں کے ہمراہ خود ٹریکٹر چلا کر اور دھان کی فصل کو اس نئے رائس شریڈر سے تلف کرنے کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اعلان کیا کہ اس نئی مشین کی خریداری کے لئے 80 فیصد حصہ حکومت بطور سبسڈی دے گی جبکہ کسان کو صرف 20 فیصد ادائیگی کرنی ہوگی، معاون خصوصی نے بتایا کہ منصوبے پر پنجاب حکومت 33 کروڑ روپے کی رقم بطور سبسڈی خرچ کریگی۔

اس موقع پر ملک امین اسلم نے بھارتی حکومت کو بھی پیشکش کی کہ وہ پاکستان کی تیار کردہ اس نئی مشین سے استفادہ کرسکتی ہے، اور اسموگ کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پاکستان انہیں مشینیں فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ بارڈر پار انڈین پنجاب میں اسموگ کا مسئلہ سنگین ہے، پاکستان میں 90 فیصد اسموگ بھارت سے ہی آرہی ہے، بھارتی حکومت سے کہتا ہوں ہم نے مسئلے کا حل ڈھونڈ لیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت چاہے تو ٹیکنالوجی دینے کے لیے تیار ہیں، اسموگ کا مسئلہ علاقائی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے اقدامات کے باوجود بھارت سے ہوا کے ذریعہ اسموگ پاکستان میں آتی ہے، ہوا ک ارخ دوسری طرف ہو تو لاہور کا دھواں دہلی بھی جاسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.