مولانا شیرانی کے فضل الرحمن پر تازہ حملے، حافظ حسین بھی ساتھ کیلئے تیار

0

کوئٹہ: مولانا فضل الرحمن سے بغاوت کرنے والے جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی نے جے یوآئی سربراہ پر تازہ حملے کئے ہیں، جبکہ دوسرے اہم ناراض رہنما حافظ حسین احمد بھی ان کے  ساتھ چلنے کو تیار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جے یوآئی کے ناراض رہنما مولانا شیرانی نے مولانا فضل الرحمٰن کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ ہماری قسمت ایسی ہے کہ علما اور قومی زعما کا  جھوٹ ثابت ہوجائے تو وہ شرمانے کے بجائے ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ یہ تو حکمت عملی ہے، وعدے سے پھر جانے کو وہ سیاست کہتے ہیں، دھوکہ دینے کے بعد آرام سے تکیہ  پر ہاتھ رکھے کہہ دیں گے کہ یہ تو مصلحت ہے، اسی طرح جب خود غرضی ثابت ہوجائے تو اسے دانائی کہہ دیتے ہیں۔

دوسری طرف فضل الرحمن سے ناراض ایک اور سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے بھی مولانا شیرانی کا ساتھ دینے کا عندیہ دیا ہے، اور دونوں میں رابطے ہوئے ہیں، حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ فضل الرحمن پیسے والے کو اہمیت دیتے ہیں، ان کے نظرمیں پیسہ اہم ہے،

دوسری طرف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مولانا شیرانی کا فضل الرحمن کو چیلنج کرنا اس وقت بہت اہم ہے، اور یہ پی ڈی ایم اور مولانا دونوں کیلئے بڑا دھچکہ ہے۔ جرمن خبررساں ادارے سے گفتگو میں تجزیہ نگار حبیب اکرم کا کہنا تھا اختلاف کا وقت انتہائی اہم ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کے خلاف احتجاج کررہی ہے، اور مولانا فضل الرحمن اس کے صدر ہیں، یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ مولانا شیرانی کا بلوچستان میں جے یوآئی پر بہت اثر ورسوخ ہے۔

تجزیہ نگار احسن رضا کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن کے لئے مشکلات مزید بڑھیں گی، اگر شیرانی کے لوگوں نے فضل الرحمن کے خلاف نیب سے تعاون شروع کردیا تو گھر کا بھیدی لنکا ڈھا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.