آپریشنل سال کے اختتام پر پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی پریڈ کا انعقاد

0

کراچی: پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی پریڈ کا انعقاد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پربطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکیارڈ آمد پرکمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور تفویض کردہ اہم آپریشنل مقاصد اور اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ ایڈمرل نے علاقائی سمندری تحفظ اور پاکستان کے سمندری مواصلات کے ذرائع کے تحفظ کے لئے پاکستان نیوی فلیٹ کی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔انہوں نے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ)، گوادر پورٹ اور سی پیک کے سمندرسے متعلق منصوبوں کے سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ خطے کے بدلتے  جیو پولیٹیکل حالات سے بخوبی واقف ہے اور ملک کے سمندری محاذوں کا دفاع کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں، کمانڈر پاکستان فلیٹ نے سال 2020 کے دوران فلیٹ کی آپریشنل سرگرمیوں کو اجاگر کیا جس میں بالخصوص میزائل فائرنگ، اہم سمندری مشق سی اسپارک 2020، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول اور بیرونِ ملک تعیناتیوں کا جائزہ پیش کیا۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی فلیٹ کے مختلف اسکواڈرنز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے یونٹس میں ایفیشنسی ایوارڈ شیلڈز تقسیم کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.