ن لیگ اور جے یوآئی کے متعدد ارکان نے استعفوں سے انکار کردیا

0

چنیوٹ: ن لیگ اور جے یوآئی ف کے متعدد ارکان نے پارٹی قیادت کو بھی استعفے بھجوانے سے انکار کردیا ہے، مریم نواز کی جانب سے تمام لیگی ارکان کے استعفے موصول ہونے کا دعوی غلط نکلا، دوسری طرف مولانا فضل الرحمن اپنے ارکان کے حوالے سے پریشان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو جاتی عمرہ اجلاس کے بعد مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ تمام لیگی ارکان کے استعفے انہیں موصول ہوگئے ہیں، تاہم ان کا یہ دعویٰ غلط  نکلا ہے، اور کئی ارکان نے انہیں استعفے نہیں دئیے، جس پر ان ارکان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، چنیوٹ سے منتخب ن لیگ کے ایم این اے قیصر شیخ نے بھی استعفیٰ دینے سے انکار کردیا۔ قیصر شیخ کا کہنا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کو ووٹرز کو بھی عزت دینی چاہئے۔ قیصر شیخ کی جانب سے استعفی مریم کو بھجوانے سے انکار کے بعد پارٹی قیادت نے ضلعی رہنماوں کو ان کے ڈیرے پر بھیج کر دباؤ ڈالوانے کی ناکام کوشش کی ہے۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں رکن قومی اسمبلی قیصر شیخ نے پارٹی قیادت کو استعفی دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کا ملازم نہیں ہوں، دوسری طرف چنیوٹ کے لیگی رہنما انہیں گھر کے گھیراو کی دھمکی دے رہے ہیں، ادھر استعفوں کے مطالبے کے روح رواں اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جماعت کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کئی ارکان بھی استعفے قیادت کو بھجوانے سے انکار کردیا ہے، اور کہا ہے کہ انہیں حلقے کے عوام نے  چنا ہے، وہ  کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے۔

فضل الرحمن  کے مخالف رہنما حافظ حسین احمد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کئی ارکان نے فضل الرحمن کو استعفے بھجوانے سے انکار کردیا ہے، انہوں نے فضل الرحمن کو چیلنج کیا کہ اگران کے پاس ارکان کے استعفے پہنچ گئے ہیں، تو وہ کم ازکم اپنی جماعت کے استعفے تو اسیپکر کو پیش کرکے دکھائیں، پھر وہ دوسروں کو بھی نصیحت کرتے اچھے لگیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.