اٹلی میں حکومتی اتحاد ٹوٹ گیا

0

روم: اٹلی میں حکومتی اتحاد سے ایک جماعت کے نکل جانے کے بعد سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے، وزیراعظم جوسپے کونتے کی حکومت کا وجود خطرے میں پڑگیا، معاملہ نئے الیکشن کی طرف جائے گا، یا پھر وزیراعظم کسی نئی جماعت کو حکومت میں شامل کرکے اقتدار بچانے میں کامیاب ہوں گے، تمام نظریں اس پر لگ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب اٹلی کرونا کی وجہ سے بحران کا شکار ہے، اور ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، اٹلی میں حکومتی اتحاد میں شامل سابق وزیراعظم میتیو رینزی کی جماعت ویوا پارٹی نے حکومت چھوڑ دی ہے، اور پارٹی سے تعلق رکھنے والے دونوں وزرا وزیر زراعت ٹریسا بیلا نووا اور وزیر فیملی امور الینا بونیٹی نے استعفے دے دئیے ہیں، جس کے بعد وزیراعظم جوسپے کونتے پارلیمنٹ میں اکثریت کھوبیٹھے ہیں، تاہم میتیو رینزی نے وزیراعظم کے ساتھ صلح اور واپسی کا دروازہ بھی کھلا رکھا ہے، اور کہا ہے کہ حکومت سے الگ ہونے کے باوجود وہ اب بھی معیشت اور کرونا کے خلاف اقدامات میں حکومت کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔

روم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ سمجھوتہ کے لئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں اور گیند وزیراعظم کے کورٹ میں ہے، واضح رہے کہ میتیو رینزی کی جماعت یورپی یونین سے ملنے والے 200 یورو کے فنڈز ارکان پارلیمان کے ذریعہ خرچ کرنا چاہتی ہے، جبکہ وزیراعظم نے یہ رقم ماہرین کے ذریعہ خرچ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاکہ ملکی معیشت اور سماجی سہولتوں کی بہتری کے لئے زیادہ بہتر طریقے سے کام کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:اطالوی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ آج متوقع

دوسری طرف وزیراعظم جوسپے کونتے نے اپنی دو اتحادی جماعتوں پی ڈی اور فائیو اسٹار موومنٹ کے ساتھ تازہ صورتحال پر مشاورت کی ہے، جس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ویوا پارٹی کی جگہ کسی اور جماعت کو شامل کرکے حکومت کو ٹوٹنے سے بچایا جائے، اس سے قبل وزیراعظم جوسپے کونتے نے کہا تھا کہ اطالوی عوام ساری صورتحال دیکھ رہے ہیں، وبا کی وجہ سے پیدا صورتحال سب کے سامنے ہے، ایسے میں عوام چاہتے ہیں کہ ہم آگے کی طرف بڑھیں، انہوں نے کہا کہ میں حکومت کو قائم رکھنے کے لئے آپشنز پر غور کررہا ہوں، اور کوشش ہے کہ 2023 میں مدت پوری ہونے تک یہ حکومت چلتی رہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نے منگل کی شام کابینہ کا اہم اجلاس طلب کررکھا تھا، جس میں یورپی یونین سے ملنے والے فنڈز کی ماہرین کےذریعے استعمال کی منظوری دی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.