نئی حکومت کیلئے اطالوی صدر کی مشاورت شروع، کونتے واپسی کیلئے فیورٹ

0

روم: اٹلی میں نئی حکومت بنانے کے لئے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں، مستعفی ہونے والے وزیراعظم جوسپے کونتے واپسی کے لئے فیورٹ ہیں، صدر نے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت شروع کردی ہے، جبکہ جوزپے کونتے نے کہا کہ یہ وقت ہے پارلیمنٹ سے ایسی آوازیں اٹھیں، جو ملک کے مستقبل کے لئے فکرمندی کی مظہر ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے بعد اطالوی صدر سرجیو مترالے نے نئی حکومت بنانے کے لئے سیاسی رہنماؤں سے مشاورت شروع کردی ہے، اس سلسلے میں انہوں نے سینیٹ کی چئیرمین الزبتھ کیسلاتی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر رابرٹ فیکو سے ملاقاتیں کیں، جن میں نئی حکومت بنانے پر بات چیت کی گئی، اس دوران سینیٹ میں 10 ارکان نے نیا گروپ بنالیا ہے، اور انہوں نے مستعفی وزیراعظم جوسپے کونتے کو واپس لانے کے لئے ان کی حمایت کا واضح اشارہ دے دیا ہے، تاہم اس گروپ کی حمایت کے باوجود جوسپے کونتے کو مزید 5 سے 6 ارکان سینیٹ کی ضرورت ہوگی۔

دوسری طرف مستعفی وزیراعظم کی اتحادی جماعتوں فائیو اسٹار موومنٹ، پی ڈی اور بائیں بازو کے لیو گروپ نے جوسپے کونتے کو واپس لانے کا عزم دہرایا ہے، دونوں جماعتوں کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ صدر سے ملاقات میں ان پر زور دیں گے کہ وہ جوسپے کونتے کو دوبارہ حکومت بنانے کی دعوت دیں، سابقہ حکومتی اتحادی جماعتیں سینیٹ میں اکثریت کے لئے مزید جماعتوں یا ارکان کو بھی اپنے ساتھ ملانے کے لئے مسلسل رابطے کررہی ہیں، مزید برآں جوسپے کونتے جو اس وقت نگران  وزیراعظم کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں، انہوں نے اپوزیشن ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں قومی کاز کے لئے سینیٹ میں ان کی حمایت کریں، فیس بک پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے پارلیمنٹ سے ایسی آوازیں اٹھیں، جو ملک کے مستقبل کے لئے فکرمندی کی مظہر ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.