پاکستان زلزلہ سے لرز اٹھا، مختلف شہروں میں شدید جھٹکے

0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے، سوئے ہوئے لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس کا خطرہ برقرار،  این ڈی ایم اے سمیت  تمام امدادی ادارے الرٹ کردئیے گئے۔

تفصلات کے مطابق پنجاب، خیبرپختون خوا اور آزادکشمیر جمعہ کی شب زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے، زلزلے کا مرکز  اسلام آباد سے 472 کلو میٹر دور تاجکستان میں تھا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے  کی  لہریں افغانستان سے ہوتے ہوئے پاکستان میں داخل ہوئیں، اس کے اثرات مقبوضہ کشمیر اور دہلی تک محسوس کئے گئے۔ اسلام آباد،  پشاور، مانسہرہ، مظفر آباد، جہلم، گجرات، میرپور، چکوال، منڈی بہاوالدین، بالا کوٹ، سوات، باجوڑ سمیت بالائی علاقوں میں اس کی شدت زیادہ محسوس کی گئی، جبکہ جھٹکے لاہور، قصور، پاکپتن، ساہیوال، ننکانہ صاحب، خوشاب، مانگا منڈی، گوجرانوالہ سمیت دیگرعلاقوں میں بھی محسوس کئے گئے۔ مانسہرہ اور گردو نواح میں زلزلہ کے شدید جھٹکے آنے پر مقامی افراد میں 8 اکتوبر 2005ء کے قیامت خیز زلزلے کی یاد تازہ ہوگئی اور لوگ  خوف میں مبتلا ہوکر کلمہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔

صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ جس وقت آیا، بیشتر  لوگ سرد موسم کی وجہ سے گھروں پر سوئے ہوئے تھے، تاہم جب زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے بستر اور دیگر چیزیں ہلنے لگیں، تو لوگ خوف کے مارے اٹھ کر گھروں سے باہر آگئے۔ وفاقی حکومت نے فوری طور پر  این ڈی ایم اے کو متحرک کردیا ہے، اور اس بات کا پتہ چلایا جارہا ہے کہ کہیں زلزلے سے کوئی نقصان تو نہیں ہوا،  صوبوں کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اداروں سے بھی این ڈی ایم اے حکام رابطے میں ہیں، ابتدائی طور پر کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.