اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ تیزی سے مقبول ہونے لگے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اکاؤنٹ کھول کر اچھا منافع اور ساتھ میں بہت سی سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں، اکاؤنٹس کے ڈیپازٹس 48 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کا افتتاح کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ابتدا میں طریقہ کار سے آگاہ نہ ہونے کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے اکاؤنٹ کھولنے کا رجحان سست رہا، لیکن جیسے جیسے یہ اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ معلوم ہورہا ہے، اور اس سے جڑے فوائد لوگ ایک دوسرے کے ساتھ شئیر کررہے ہیں، ان اکاؤنٹس کی مقبولیت تیزی سے بڑھنے لگی ہے، اب تک 80 ہزار سے زائد اکاؤنٹ کھول کر اوورسیز پاکستانی ان میں 48 کروڑ ڈالر سے زائد رقم جمع کراچکے ہیں۔
اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ
اوورسیز پاکستانیوں کو یہ اکاؤنٹ اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعہ کھولنا ہوتا ہے، اس کے لئے وہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر جاکر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں جاتے ہیں، اور پھر اس میں دئیے گئے بینکوں میں اپنی مرضی کے بینک کا انتخاب کرکے اس میں اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، یہ اکاؤنٹ غیر ملکی کرنسی اور روپیہ دونوں میں کھولے جاسکتے ہیں، اسی طرح آپ اسلامی اکاؤنٹ بھی کھول سکتے ہیں، جس کا منافع سود سے پاک ہوتا ہے، جبکہ روایتی بینکنگ اکاؤنٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے، اکاؤنٹ کھولنے کے بعد آپ جس ملک میں بھی رہتے ہیں، وہاں موجود اپنے اکاؤنٹ سے اس میں رقم منتقل کرسکتے ہیں،اس رقم کو آپ جب چاہیں واپس اپنے بیرونی اکاؤنٹ میں لے جاسکتے ہیں۔
اسی طرح پاکستان میں بھی کسی بھی اکاؤنٹ میں اپنے موبائل فون سے یہ رقم منتقل کی جاسکتی ہے، آپ باہر بیٹھے بیٹھے پاکستان میں اپنے بچوں کی فیسیں، بجلی اور گیس بل سمیت دیگر ادائیگیاں اس اکاؤنٹ سے کرسکتے ہیں، اس اکاؤنٹ کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اگر آپ کو پاکستان میں اپنے پیاروں کو رقم بھیجنی ہے، تو کسی منی ایکسچینج میں جانے اور ان کی فیس دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ آپ اپنے موبائل سے یہ رقم پاکستان میں کسی بھی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کردیتے ہیں، اسی طرح آپ اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
منافع بے شمار
حکومت پاکستان ان اکاؤنٹس کی ضامن ہے، اور اکاؤنٹ کھولنے والے ’’نیا پاکستان سیونگ سرٹیفیکیٹ ‘‘ بھی خرید سکتے ہیں، جس پر بہت زیادہ منافع حکومت دے گی، یہ سرٹیفیکیٹ روایتی کے ساتھ اسلامی بینکاری میں بھی دستیاب ہیں، یہ سرٹیفیکیٹ تین ماہ، 6 ماہ، ایک سال، تین سال اور 5 سال کی مدت کے ہیں، روپے میں ان پر شرح منافع 11 فیصد تک ہے، جبکہ ڈالراکاؤنٹ میں ساڑھے 5 سے 7 فیصد تک منافع حاصل ہوگا۔