اٹلی میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ، نئی لہر کا خدشہ

0

روم: اٹلی میں اٹلی میں نیا برطانوی وائرس تیزی سے پنجے گاڑنے لگا، جس کی وجہ سے کرونا کی ایک اور لہر کا خدشہ بڑھتا جارہا ہے، حکومتی ادارے نے ایک اور وارننگ جاری کردی، دوسری طرف نئے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھنے کے بعد جمعہ کو یومیہ 20 ہزار سے اوپر چلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی وزارت صحت اور ہائیر ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی نئی رپورٹ میں ملک میں کرونا کے کیس بڑھنے کی نشاندہی کرتے ہوئے نئی پابندیوں پر زور دیا گیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں وبا سے متاثرین کی شرح بڑھ رہی ہے، بالخصوص 5 ریجنز لمباردی، ابروزو،  پیڈ مونٹ، امبریا اور مارش Marche میں وبا کا زیادہ پھیلاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ نیا وائرس ہے، جو زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، کرونا پھیلنے کی شرح اضافے کے بعد 5.6 فیصد ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو اٹلی میں 20 ہزار 499 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 308 افراد دنیا سے چلے گئے، جاری اعدادو شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی وائرس  پرانے وائرس کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، اس لئے فوری طور پر صورتحال کو کنٹرول  کو کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، ورنہ اسپتالوں پر دباؤ آسکتا ہے۔

اطالوی ہیلتھ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کیسز میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مثبت کیسز سامنے آنے کی شرح میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے 41 صوبوں میں صرتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جہاں نئے کیسز سامنے آنے کی شرح میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

دوسری طرف نئی پابندیوں کے معاملے پر نئی حکومت میں شامل جماعتوں پی ڈی اور لیگ  پارٹی میں اختلافات سامنے آئے ہیں، پی ڈی سے تعلق رکھنے والے وزیرصحت رابرٹ سپرانزا نے پارلیمنٹ میں کہا ہے کہ وبا کی صورتحال ایسی نہیں کہ ہم کسی قسم کی سستی یا نرمی کا مظاہرہ کریں، تاہم لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے ایک بار پھر پابندیاں نرم کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مزید کچھ ہفتہ اور مہینہ خدشات اور خوف کے ساتھ گزارنا نہیں چاہتے، انہوں نے کہا کہ کہ اگر کسی علاقے میں وبا کا مسئلہ زیادہ ہے، تو اس پر قابو پانے کے لئے وہاں کے مئیر کو فیصلہ کرنے دیں، عوام اب کچھ معاشی اور سماجی سرگرمیوں کی بحالی چاہتے ہیں۔

دوسری جانب لازیو ریجن کے سابق صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری نے ماتیو سالوینی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ سالوینی اپنی غلطیوں کو دہرا رہے ہیں اور اطالوی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پہلے وہ ماسک کو بھی غیر ضروری کہتے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.