بغیر اجازت عمرہ پر سخت کارروائی ہوگی، سعودی حکام کا اعلان

0

 ریاض: سعودی حکومت نے بغیر رجسٹریشن عمرہ کے لئے آنے والے افراد پر بڑا جرمانہ لگانے کا اعلان کردیا ہے، خیال رہے کہ ماہ رمضان میں عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں حاضری کے لئے رجسٹریشن اور ویکسین لگی ہونا پہلے ہی ضروری قرار دیا جاچکا ہے، اور اعتمرنا اور توکلنا ایپس میں پیشگی رجسٹریشن ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے رمضان میں عمرہ کیلئے خانہ کعبہ آنے یا مسجد نبوی میں عبادت کے خواہشمند افراد کے لئے ایس اوپیز جاری کی تھیں، جن کے تحت ایسے افراد دونوں مقدس مقامات پر عبادت کے لئے آسکیں گے، جنہوں نے ویکسین لگوالی ہے، یا پھر وہ کرونا کا شکار ہوچکے ہیں، اور ان کے جسم میں قوت مدافعت پیدا ہوچکی ہے، چوں کہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی دونوں مقدس مقامات پر جانے کی خواہش ہوتی ہے، اس لئے سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ عمرے کے لیے اجازت نامے کے بغیر حرم شریف جانے والے پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ عمرہ کے لئے اعتمرنا اور توکلنا ایپس میں پیشگی رجسٹریشن ضروری ہے، ان ایپس سے رجسٹرڈ اور  منظوری ملنے والے افراد ہی عمرہ کیلئے آسکیں گے۔

عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے رش کو کنٹرول کر نا ضروری ہے، اور اسی لئے یہ پابندی لگائی گئی ہے، اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے دوران اجازت نامہ حاصل کیے بغیر عمرہ کرنے کے لیے جائے گا تو اسے 10 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا جبکہ المسجد الحرام میں اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ حکومت نے ان ایس او پیز پر عمل کرانے کے لئے حرم شریف کے آس پاس اضافی سیکورٹی اہلکار تعینات کئے ہیں، جو حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور مقررہ نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حرم شریف جانے سے روکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.