عرب امارات کی دوران روزہ ہوٹلوں کو کھلی اجازت، سڑک کنارے نماز پر پابندی

0

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اس بار رمضان میں ہوٹلوں کو روزہ کے دوران بھی لوگوں کو بلا روک ٹوک کھانا فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے، دوسری جانب سڑک کنارے گاڑیاں روک کر نماز پڑھنے والے ڈرائیوروں کو بھی جرمانوں اور کارروائی کا انتباہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی حکومت نے اس بار رمضان کے لئے اپنے احکامات تبدیل کردئیے ہیں، گزشتہ برس تک   روزے کے دوران یعنی دن میں ہوٹلوں کو کھانے کی فراہمی کے لئے پہلے پرمٹ لینا ہوتا تھا، اس کے علاوہ انہیں کھانے کی جگہ پر پردے لگانے ہوتے تھے، تاکہ کھانا کھانے والے دوسروں کو نظر نہ آئیں، تاہم اس بار رمضان المبارک کے لئے قواعد وضوابط تبدیل کردئیے گئے ہیں۔ ہوٹلوں کو روزے کے اوقات کے دوران میں صارفین کو کھانے مہیّا کرنے کیلئے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، اسی طرح انہیں کھانے کی جگہ پر پردے لگانے سے بھی مستثنیٰ کردیا گیا ہے، دبئی میں بھی اس حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے، ریستورانوں کے لیے ان نئے قواعد وضوابط کا یکم رمضان سے اطلاق ہوگا۔

دوسری طرف حکام نے ڈرائیوروں بالخصوص ٹرک چلانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سڑکوں کے کنارے گاڑیاں کھڑی کرکے نماز پڑھنے سے گریز کریں، خلیجی اخبار کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ عام دنوں بالخصوص رمضان میں ڈرائیور سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرکے نماز پڑھنے لگ جاتے ہیں، ان کا یہ عمل حادثات کا سبب بنتا ہے، اس لئے اگر کسی ڈرائیور کو ایسا کرتا پایا گیا تو اس پر جرمانہ سمیت کارروائی کی جائے گی۔ مزید براں متحدہ عرب امارات نے اس سال بھی رمضان میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے افطار پارٹیوں سمیت سماجی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.