اوورسیز پاکستانیوں کو جلد انصاف دلانے کیلئے پنجاب کا بڑا فیصلہ

0

لاہور: اوورسیز پاکستانیوں کو جلد انصاف دلانے کیلئے پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا، زمینوں سمیت ان کے تنازعات اب   برسوں عدالتوں میں نہیں لٹکے رہیں گے، بلکہ انہیں  تیزی سے انصاف ملے گا، مقدمات کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جو ایک مقررہ وقت میں فیصلے دیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں نے زمین سے متعلق اور دیگر مقدمات تیز رفتاری سے نمٹانے کے لئے الگ عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لاہور ہائیکورٹ کے حکام سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس کیا ہے، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان آئے بغیر ویڈیو لنک کے ذریعہ بیان قلمبند کرانے کی سہولت دینے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جو ایک مقررہ وقت میں فیصلے دیں گی، اجلاس میں اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے تعاون کو بھی سراہا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کے تمام ادارے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کے لئے مکمل تعاون کررہے ہیں، اور اوورسیزکمیشن کی جانب سے بھیجی گئی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جاتی ہے، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے خصوصی عدالتوں کے جلد قیام کو یقینی بنانے کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے وائس چئیرمین وزارت قانون کے ساتھ مل کر جلد معاملے کو حتمی شکل دیں گے، گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، اور معیشت میں بھی ان کا اہم کردار ہے،  خصوصی عدالتوں کے قیام سے انہیں سہولت اور جلد انصاف ملے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.