اٹلی: تاجروں کا احتجاج کام کرگیا، لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان

0

روم: اٹلی میں تاجروں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کا کرونا وبا کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کے خلاف جاری احتجاج رنگ لے آیا، حکومت نے  لاک ڈاؤن میں نرمی کے روڈ میپ کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق سارے شعبوں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں گزشتہ دو ہفتوں سے ریستوران مالکان، تھیٹر سے وابستہ افراد اور دکانداروں سمیت مختلف شعبوں  کے افراد لاک ڈاؤن ختم کرانے کے لئے احتجاج کررہے تھے، ان کا احتجاج اب رنگ لے آیا ہے، وزیراعظم ماریو دراغی نے لاک ڈاؤن نرم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ اطالوی ریجنز نے بھی سینما اور بارز سمیت کاروبار کھولنے کے لئے ایس او پیز طے کرلئے ہیں۔

اطالوی وزیراعظم کا اعلان

وزیر اعظم ماریو دراغی نے اعلان کیا ہے کہ ریڈ زون میں شامل ریجنز کے سوا دیگر تمام ریجنز میں 26 اپریل  سے ریستورانز کھول دئیے جائیں گے، البتہ    کھانے کی اجازت صرف کھلی جگہ پر ہوگی، اسی طرح تمام اسکول بھی اس روز سے کھل جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل کی طرف امید  سے بڑھ رہے ہیں، ریستورانز کھلی جگہ پر کھانے کی سروس دے سکیں گے، جبکہ یلو ریجنز میں سفری پابندیاں بھی ختم کردی جائیں گی، تاہم رات 10 بجے سے کرفیو فی الحال برقرار رکھا گیا ہے، اسی طرح ریڈ ریجنز میں  پہلے والی پابندیاں بھی جاری رہیں گی۔ اطالوی وزیراعظم نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن نرم کرکے خطرہ مول لے رہی ہے، امید ہے کہ عوام ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت 15 مئی سے کھلے سوئمنگ پولز جبکہ یکم جون سے جم، کنونشنز کی اجازت دینے کی بھی تیاری کررہی ہے، لیکن حتمی فیصلے سے قبل ہم کرونا کی صورتحال کو دیکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں کاروبار زندگی کب کھلے گا؟، حکومت نے تاریخیں دیدیں

ریجنز کا اتفاق

دوسری طرف اطالوی ریجنز نے ریستورانز، بارز، دکانوں، جم، سینما اور تھیٹرز کے لئے ایس او پیز پر اتفاق کرلیا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق سینما اور تھیٹرز میں دو میٹر کا فاصلہ رکھا جائے گا جبکہ ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

خیال رہے کہ کرونا وبا نے اطالوی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، اور اس حوالے یورپی یونین کے شماریاتی ادارہ یورو اسٹیٹ نے اٹلی میں روزگار کے حوالے سے بری رپورٹ دی ہے، جس میں ادارہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس 2020 میں اٹلی یونان کے بعد روزگار کے حوالے سے دوسرا بدترین ملک رہا ہے، اس دوران 20 سے 64 برس تک کے اطالوی شہریوں میں روزگار کی شرح 58 فیصد پر آگئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.