اٹلی میں کاروبار زندگی کب کھلے گا؟، حکومت نے تاریخیں دیدیں

0

روم: اٹلی میں لاک ڈاؤن سے پریشان شہریوں کیلئے اچھی خبر آگئی، ایک طرف کرونا کے انفیکشن کی شرح کم ہورہی ہے، تو دوسری جانب حکومت نے کاروبار کھولنے کیلئے تیاری شروع کردی ہے، جن میں بارز اور ہوٹل بھی شامل ہوں گے، عندیہ ایسے موقع پر دیا گیا جب اطالوی تاجر لاک ڈاؤن کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اٹلی میں اگرچہ رواں سال میں کرونا سے سب سے زیادہ 718 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، تاہم  اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ ان میں 258 اموات پرانی ہیں، جو سسلی میں بروقت رجسٹرڈ نہیں کی جاسکی تھیں، اطالوی محکمہ صحت  کے مطابق اٹلی میں کرونا  پھیلنے کی شرح میں گزشتہ چند روز کے دوران 30 فیصد تک کمی آئی ہے، جس کے بعد 6 ریجنز میں پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان ریجنز میں لمباردیا، پیو مونتے، تسکونی، کلابریا، امیلیا رومانیہ اور فرولی وینزیا گیلیا شامل ہیں، ان ریجنز کو پیر سے اورنج زون کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل اٹلی میں صرف سردانیا ہی اورنج زون میں شامل تھا، اورنج زون میں سب سے کم  پابندیاں ہوتی ہیں، اور زندگی معمول کے قریب ہوتی ہے، اٹلی میں کرونا سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 13 ہزار 579 اموات ہوچکی ہیں، جو یورپ میں برطانیہ کے بعد سب سے زیادہ ہیں،  جبکہ دنیا میں اموات کے لحاظ سے اٹلی ساتویں نمبر پر ہے۔

امید کی کرن

اٹلی میں کاروبار کھلنے کے حوالے سے امید کی کرن وزیر سیاحت Massimo Garavaglia نے دکھائی ہے، جن کا کہنا ہے کہ 2 جون کو ری پبلک ڈے کا دن ایسا دن ہوسکتا ہے۔

جب ہم کاروبار پر پابندیاں ختم کرکے انہیں کھولنے کی اجازت دے سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کاروبار کھولنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم پہلے سے تاجروں کو شیڈول دے دیں، تاکہ وہ تیاری کرسکیں، انہوں نے کہا کہ کچھ کاروبار مثلاً باربر شاپ تو ایسے ہوتے ہیں کہ ایک دن میں کھولے جاسکتے ہیں، لیکن بڑے ہوٹلوں سمیت سیاحتی شعبے کو پہلے سے انتظامات اور بکنگ حاصل کرنی ہوتی ہے، اس لئے ہمیں جلد ازجلد اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہوگا، لوگوں کو امید دلانی ہوگی، دوسری طرف علاقائی امور کے وزیر Mariastella Gelmini نے کہا ہے کہ زیادہ تر پابندیاں اگلے ماہ مئی میں اٹھالی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ مئی سے پہلے ہم 20 اپریل سے ہی پابندیاں نرم کرنے کی طرف جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی میں تاجروں کا احتجاج پھیل گیا، دکانیں بھی خود کھولنے لگے

خیال رہے کہ اٹلی میں کرونا پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار کی بندش سے پریشان اطالوی تاجروں نے احتجاج شروع کردیا ہے، اور چند روز قبل روم میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.