سعودی عرب سے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے پروانے تیار

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب وہاں کی جیلوں میں موجود پاکستانی قیدیوں کے لئے باعث رحمت ثابت ہوا ہے، وزیراعظم کی درخواست پر سعودی ولی عہد نے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی اصولی طور پر منظوری دے دی ہے، جن میں سزا یافتہ قیدی بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات حل کرنے کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں، اور ان کی کوشش ہے کہ بالخصوص بیرون ملک قید پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لایا جائے، پاکستانی ورکرز کی سب سےزیادہ تعداد تقریباً25 لاکھ سعودیہ میں مقیم ہے، اس لئے وہاں پاکستانی قیدی بھی زیادہ ہیں، گزشتہ برس وزیراعظم کی درخواست پر سعودی حکومت نے 2 ہزار سے زائد قیدی رہا کئے تھے، لیکن اس بار دورہ سعودیہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی کا معاہدہ ہوگیا ہے، جس کے بعد سعودیہ میں سزا کاٹنے والے پاکستانی باقی سزا پاکستان میں کاٹ سکیں گے، اس کے ساتھ ہی سعودیہ نے1100 پاکستانی قیدی رہا کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو جلد وطن واپس آجائیں گے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ان گیارہ سو پاکستانی قیدیوں کے علاوہ بھی سینکڑوں مزید قیدی رہا کرانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے، ان قیدیوں پر مختلف جرمانے عائد ہیں، اور ان کی ادائیگی کے لئے ایک ارب درکار ہیں، جن کا انتظام ہوتے ہی یہ قیدی بھی واپس آجائیں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.