اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی کے والد کا اہم بیان آگیا

0

ریجو ایمیلیا: اٹلی میں لاپتہ ہونے والی پاکستانی لڑکی کے کیس میں اطالوی حکومت نے اس کے مشتبہ عزیزوں کے یورپی وارنٹ جاری کردئیے ہیں، جس کے بعد لڑکی کا ایک عزیز ایک یورپی ملک سے پکڑ لیا گیا ہے، دوسری طرف لاپتہ لڑکی کے والد کا بھی اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

جو اس سارے معاملے کا رخ موڑ سکتا ہے، تفصیلات کے مطابق اطالوی علاقے ریجو ایمیلیا میں ایک ماہ سے لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کی تلاش جاری ہے، اور اطالوی کارابیری پولیس مذکورہ لڑکی کے گھر کے اطراف میں کنووں سمیت مختلف مقامات کی تلاشی لے رہی ہے، اس کے لئے سراغ رساں کتوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، لڑکی کے والدین پاکستان جاچکے ہیں، تاہم اطالوی حکومت نے لڑکی کے کچھ عزیزوں کے یورپی وارنٹ جاری کئے تھے، جو اس واقعہ کے بعد اٹلی سے چلے گئے تھے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق اب یورپی وارنٹ پر فرانس نے لاپتہ ثمن عباس کے ایک کزن اکرام اعجاز کو کو حراست میں لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں پاکستانی لڑکی غائب، تحقیقات شروع

فرانسیسی پولیس نے اعجاز کو Nimes شہر سے حراست میں لیا ہے، بعض اطلاعات کے مطابق اٹلی سے فرانس جانے کے بعد اعجاز اسپین جانے کی کوشش کررہا تھا، لیکن فرانسیسی پولیس نے اس کی شناخت کے بعد اسے گرفتار کرلیا، اطالوی حکومت نے اعجاز سمیت ان کے کچھ عزیزوں کے وارنٹ اور تمام تر تفصیلات یورپی اداروں کو فراہم کی تھیں، اور ان کی بنیاد پر ہی یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ اعجاز کو جس وقت گرفتار کیا گیا، وہ ایک بس میں سوار تھا، اب اس کی اٹلی حوالگی کے لئے عمل شروع کردیا گیا ہے، تاہم ریجو ایمیلیا کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اعجاز سے فوری پوچھ گچھ کے لئے خود بھی فرانس جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں پاکستانی لڑکی لاپتہ، اہم شواہد مل گئے، یکجہتی کیلئے اطالوی شہریوں کا مظاہرہ

والد کا پہلا بیان

لاپتہ لڑکی ثمن عباس کے والد شبیر عباس کا اس معاملے پر پہلا بیان سامنےآگیا ہے، خبر ایجنسی ’’انسا ‘‘ کے مطابق انہوں نے پاکستان سے فون پر بتایا ہے کہ ان کی بیٹی زندہ ہے، انہوں نے کہا کہ ثمن بیلجئیم میں ہے، اور وہ ٹھیک ٹھاک ہے، میری اپنی بیٹی سے ایک روز قبل بات بھی ہوئی ہے، شبیر عباس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 10 جون کو اٹلی واپس آرہے ہیں، اور وہ واپس آکر اطالوی پولیس کو ساری تفصیلات سے خود آگاہ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.