سعودی عرب میں 17 برس کی لڑکیوں کو بھی ڈرائیونگ کرنے کی اجازت مل گئی

0

ریاض: سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک نے 17 برس کی لڑکیوں کو بھی ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دیدی، لڑکیوں کو ڈرائیونگ کا اجازت نامہ جاری کرنے سے قبل ڈرائیونگ اسکول میں ٹیسٹ دینا ہوگا جب کہ اس کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔ ان دونوں کی رپورٹ مثبت آنے پر عارضی اجازت نامہ جاری ہوگا۔

سعودی عرب کے انگریزی اخبار ’سعودی گزٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق اب نوجوان لڑکوں کی طرح لڑکیاں بھی ڈرائیونگ کر سکیں گی جس کے لیے ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے باقاعدہ ضوابط ترتیب دے دیے ہیں۔ عارضی اجازت نامہ حاصل کرنے کے لئے خواتین کو ڈرائیونگ اسکول میں درخواست جمع کرانی ہوگی، درخواست کے ہمراہ عمر کا تصدیقی سرٹیفکیٹ بمعہ چھ تصویروں جمع کروانا ہوگا۔

جس کے بعد سعودی ٹریفک حکام کی جانب ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا، طبی معائنہ کلیئر آنے پر لڑکیوں کو ایک سال کا عارضی اجازت نامہ دے دیا جائے گا، ایک سال بعد اس عارضی اجازت نامے کو مقررہ شرائط پوری کرکے باقاعدہ لائسنس میں تبدیل کرایا جا سکے گا۔ خواتین کی عمر 18 برس ہونے پر انہیں پانچ یا 10 برس کے لیے باقاعدہ لائسنس جاری کردیا جائے گا۔ سعودی ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس بھی ان خواتین امیدواروں کو جاری ہوگا جن کے خلاف کسی قسم کے سنگین نوعیت کے جرائم کے الزامات نہیں ہوں گے.

اسی طرح یہ بھی شرائط میں شامل کیا گیا ہے کہ وہ کسی قسم کی معذوری کا شکار نہ ہوں اور نہ ہی ان کو کوئی سنگین مرض لاحق ہو، تاکہ وہ ڈرائیونگ کے دوران گاڑی کو باآسانی قابو میں رکھ سکیں۔ اسی طرح وہ 17 سالہ لڑکیاں جو کہ سعودی عرب کی شہری نہیں ہیں، ان کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ ان کے پاس قابلِ استعمال ’اقامہ‘ موجود ہو۔ اور انہیں ڈرائیونگ کا پریکٹل اور تھیوری امتحان بھی پاس کرنا ہوگا، جس کے بعد انہیں ڈرائیونگ کا عارضی اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.