عرب امارات میں پاکستانی آم کھائیں، مہنگی گاڑی کے مزے مفت اڑائیں

0

دبئی: پاکستانی آم کا ذائقہ اور لذت میں کوئی ثانی نہیں ، یہی وجہ ہے کہ اسے جو ایک بار کھالیتا ہے، وہ اس کا اسیر ہوجاتا ہے، پاکستانی ہی نہیں دنیا میں جہاں جہاں بھی یہ آم جاتا ہے، وہاں پھر اگلے برس لوگ اس کا شدت سے انتظار کرنے لگتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ متحدہ عرب امارات میں بھی ہے، جہاں پاکستانی آم پہنچتے ہی لوگ اس کی خریداری کیلئے مارکیٹ کا رخ کررہے ہیں، لیکن اب عرب امارات میں پاکستانی کمپنی نے آم آپ کے گھر پہنچانے کا پیکج دیا ہے، اور اس پیکج میں دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں شمار ہونے والی کار کی مفت رائڈ بھی شامل ہے۔

جی ہاں دبئی میں واقع پاکستان سپر مارکیٹ پاکستانی آم کی گھروں پر ڈلیوری کے لئے یکم جون سے پیکج شروع کردیا ہے، پاکستان سپر مارکیٹ کی جانب سے ’’مینگوز اِن لیمبورگینی‘‘ کا پیکج شروع کیا گیا ہے۔ اس پیکج کے تحت صارفین اپنے پسندیدہ پھل آم کے کم از کم 3 ڈبوں کا آرڈر دے کر لیمبورگینی کے ذریعے گھر میں ڈلیوری لے سکتے ہیں۔ جس کے لئے صرف 150 درہم وصول کئے جائیں گے، جو لیمبور گینی گاڑی آپ کے گھر آم پہنچانے آئے گی، اس میں آپ خود یا اپنے بچوں کو مختصر سیر بھی کراسکتے ہیں، اور 5 کروڑ مالیت کی گاڑی میں یہ سیر مفت ہوگی، اس طرح میٹھے اور لذت سےبھرپور آموں کے ساتھ آپ کو مفت کی رائیڈ بھی مل جائےگی، پاکستان سپر مارکیٹ نے مذکورہ مہم گزشتہ برس بھی متعارف کروائی تھی، جو بے حد مقبول ہوئی تھی۔

اس مہم کی وجہ سے آم کی فروخت دگنی بھی ہوئی تھی، پاکستان سپر مارکیٹ دبئی کے منیجنگ ڈائریکٹر جہانزیب یسین کا کہنا ہے کہ ’’مینگوز اِن لیمبورگینی‘‘ کی مہم کا مقصد محبت کا پیغام پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ برس ہم نے آموں کے 1100 باکسز ڈیلیور کیے گئے تھے اور اس سال پہلے سے ہی انہیں بہت سی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ اس سیزن میں لیمبورگینی سروس سے ڈھائی ہزار سے زائد آم کے ڈبے ڈیلیور کیے جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد تجربہ تھا اور ہم اس لیمبو مہم سے بہت سے یادیں بنائیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔

جہانزیب یسین نے کہا کہ اکثر بچوں کے لیے یہ پہلا موقع تھا کہ وہ لیمبورگینی میں بیٹھے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ پرتعیش گاڑی میں ڈیلیوری کے باوجود کوئی اضافی چارجز نہیں ہیں۔ ہم نے اخراجات بڑھنے کے باوجود ریٹ بھی گزشتہ برس والےرکھے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم لنگڑا، سندھڑی، انور رٹول اور چونسہ بہت پسند کئے جاتے ہیں، لیکن بلاشبہ آموں کے بادشاہ چونسہ کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہوتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.