اٹلی میں تارکین کی آمد اور قیام کی سرکاری رپورٹ آگئی

0

روم: اٹلی میں گزشتہ ایک برس کے دوران تارکین وطن کی آمد میں کتنا اضافہ ہوا ہے،  اس دوران کتنے ایجنٹ پکڑے گئے ہیں، اور ملک میں کتنے تارکین اور کن کن ویزوں پر موجود ہیں، اس حوالے سے اطالوی وزارت داخلہ نے اعدادوشمار پر مشتمل اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی وزارت داخلہ نے بتایا ہے اگست 2020 سے لے کر جولائی 2021 تک اٹلی میں تارکین وطن کی آمد میں 128 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے، اور کل 49 ہزار280 تارکین یہاں پہنچے ہیں، ان میں کم عمر تارکین کی تعداد میں بھی 155 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، اور 7843 کم عمر تارکین کی رجسٹریشن کی گئی ہے، اس دوران انسانی اسمگلرز کی گرفتاری میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور 25 فیصد اضافے کے ساتھ 147 انسانی اسمگلر پکڑے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی پہنچنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد لیبیا سے چلی تھی، جن کا حصہ 45 فیصد بنتا ہے، اس کے بعد 35 فیصد کے ساتھ تیونس اور ان کے بعد ترکی، الجزائر، یونان ، مصر اور مونٹی نیگرو کے راستے تارکین اٹلی پہنچے ہیں۔

قانونی تارکین

اطالوی رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ اٹلی میں 31 جولائی تک 38 لاکھ 25 ہزار944 تارکین قانونی طور پر مقیم تھے، رپورٹ کے مطابق ملک میں قانونی طور پر مقیم تارکین کی تعداد میں ایک سال کے دوران 4.7 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، قانونی تارکین میں 13 لاکھ 67 ہزار204 تارکین ملازمت کے پرمٹ پر مقیم ہیں، 2 لاکھ 51 ہزار921 فری لانس ورک اور 12 لاکھ 7 ہزار569 فیملی ویزوں پر مقیم ہیں، باقی 9 لاکھ 92 ہزار 250 تارکین کے پاس تعلیمی اور دیگر ویزے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.