موبائل فون کی صنعت میں پاکستان نے کمال کردیا، حیران کن اعداد وشمار

0

کراچی: پاکستان نے موبائل فون بنانے کے شعبے میں کمال کردیا، چند ماہ میں ہی بڑے پیمانے پر موبائل فون کی تیاری سے مستقبل میں پاکستان کے اس ٹیک مارکیٹ کا اہم کھلاڑی بننے کی راہ ہموار ہونے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس تک پاکستان میں موبائل فون بنانے کا کوئی کارخانہ نہیں لگا تھا، لیکن حکومت کی جانب سے مسلسل کوششوں اور مراعات سمیت اس شعبےمیں سرمایہ کاری آسان بنانے سے ایک انقلاب آیا ہے، اور چند ماہ میں ہی پاکستان میں بننے والے موبائل فون نہ صرف برآمد ہونے لگے ہیں، بلکہ ملک میں باہر سے آنے والے موبائل فون کے مقابلے میں پاکستان کے اندر بننے والے فونز کی تعداد بڑھ گئی ہے، رواں سال کے پہلے 7 ماہ جنوری سے جولائی 2021 کے درمیان موبائل فون کی ملک میں تیاری اور درامد کے جو اعداد وشمار سامنے آئے ہیں، ان کے مطابق اس دوران پاکستان کے اندر ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار موبائل فون تیار کئے گئے ہیں، جن میں 48 لاکھ 70 ہزار فون فور جی کے ہیں، جبکہ اس دوران باہر سے منگوائے گئے فونز کی تعداد 82 لاکھ 90 ہزار رہی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ موبائل فون کی مقامی سطح پر تیاری میں ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کی تنصیب نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملکی مارکیٹ سے جعلی اور غیرمعیاری موبائل فون ختم کرنے میں بھی مدد ملی ہے، جنوری میں موبائل فون مینوفیکچرنگ پالیسی حکومت کی طرف سے جاری کرنے کے بعد اب تک 26 کمپنیاں موبائل فون کی تیاری کا لائسنس حاصل کرچکی ہیں، جن میں سام سنگ، نوکیا، اوپو، ٹیکنو، انفنکس، کیو موبائل اور ویگو ٹل شامل ہیں، ان میں سے کئی کمپنیاں ابھی موبائل فون کی تیاری کے لئے پلانٹ لگانے کے مرحلے میں ہیں، ان کے پلانٹ لگنے کے بعد پاکستان نہ صرف اپنی ضروریات بلکہ دوسرے ملکوں کو بھی موبائل فون برامد کرنے کی پوزیشن میں آجائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.