جرمنی میں پیزا ڈلیور کرنے والے سابق افغان وزیر کے دن پھر پھرنے لگے

0

برلن: وقت تیزی سے بدل جاتا ہے، کب  قدرت کسی شاہ کو گدا بنا دے اور کب کسی گدا کے نصیب میں شاہی لکھ دے، یہ سارے تقدیر کے کھیل ہوتے ہیں، افغانستان کے سابق وزیر احمد شاہ سادات نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ انہیں جرمنی میں پیزا ڈلیوری کا کام کرنا پڑسکتا ہے۔

لیکن لگتا ہے اب پھر ان کا وقت کچھ بدلنے والا ہے، کیوں کہ ان کی کہانی میڈیا میں آنے کے بعد لوگ ان سے رابطے کررہے ہیں، اور مختلف پیش کش انہیں کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سید احمد شاہ سادات سابق افغان صدر اشرف غنی کی حکومت میں وزیر مواصلات تھے، لیکن 2 سال پہلے اختلافات کی وجہ سے وہ وزارت چھوڑ کر جرمنی آگئے تھے، اور چند  ماہ سے وہ لائپزگ میں پیزا ڈلیوری کا کام کررہے ہیں، جرمن خبررساں ادارے کے مطابق احمد سادات خاموشی سے ’’لیفرانڈو‘‘ کمپنی میں ڈلیوری کی ملازمت  کررہے تھے۔ کہ ایک دن ان کی ملاقات جرمن صحافی یوازا شیگل سے ہوئی، انہوں نے جرمن صحافی کو بتایا کہ وہ افغانستان میں وزیر تھے، جس پر جرمن صحافی حیران رہ گئے، احمد شاہ سادات کے پاس مواصلات اور الیکٹرانک انجیئنرنگ میں ماسٹر ڈگریاں اور تجربہ ہے، اور وہ ماضی میں سعودی تیل کمپنی آرامکو سمیت کئی غیرملکی کمپنیوں کے لئے بھی کام کرچکے ہیں، لیکن جرمن زبان نہ آنے کی وجہ سے وہ ڈلیوری کا کام  کررہے تھے، تاہم جب سے ان کی اسٹوری جرمن اخبار میں شائع ہوئی ہے، ان کے دن لگتا ہے ایک بار پھر پھرنے والے ہیں،

اب انہیں مختلف کمپنیوں سے ملازمت کی پیشکش موصول ہورہی ہے، احمد سادات کا کہنا ہے کہ  وہ پیزا ڈلیوری کا کام چھوڑنا چاہتے ہیں، لیکن کسی اور کمپنی میں جانے کے بجائےوہ لیفرانڈو کمپنی میں ہی کمیونیکیشن جاب کو ترجیح دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.