2 یورپی ممالک کا افغان مہاجرین لینے سے انکار، اٹلی میں آمد جاری

0

برسلز: یورپی یونین کے 2 رکن ممالک نے افغان مہاجرین کو لینے سے صاف انکار کردیا ہے، جس پر یورپی کمشنر نے تشویش کا اظہار کیا ہے، دوسری جانب اٹلی کی جانب سےافغان مہاجرین کو قبول کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اور 2 ہزار کے قریب مہاجرین اٹلی منتقل بھی کردئیے گئے ہیں،

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے 2 رکن ممالک آسٹریا اور ہنگری نے افغان مہاجرین کو لینے سے صاف انکار کردیا ہے، ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کو مہاجرین کے بحران سے محفوظ رکھیں گے، اپنے فیس بک پیج پر شئیر کئے گئے ریڈیو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو اپنا خطہ چھوڑنے سے روکنا چاہئے، اور اس سلسلے میں یورپ کی سرحد پر واقع ترکی کا کردار اہم ہے، اسی طرح بلقان کی ریاستوں کو بھی مہاجرین کی یورپی ممالک کی طرف آمد روکنے کیلئے کام کرنا ہوگا، ہم 2015 والی غلطی دہرانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان بچوں سمیت مہاجرین کی کھیپ اٹلی پہنچ گئی

دوسری طرف آسٹریا کے چانسلر سباسٹین کرز کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کو ہر حال میں اپنی سرحدوں کو تحفظ کرنا چاہئے، انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ آسٹریا میں پہلے ہی 44 ہزار افغان موجود ہیں، اور ہم آبادی کی شرح کے لحاظ سے ایران، پاکستان اور سویڈن کے بعد افغان مہاجرین کو پناہ دینے والا بڑا ملک ہیں، ہمیں پہلے سے موجود مہاجرین کو معاشرے سے ہم آہنگ کرنے میں بڑی مشکل درپیش ہے، اس لئے ہم مزید مہاجرین کی مخالفت کریں گے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے کمشنر Paolo Gentiloni کا کہنا ہے کہ یونین کو افغان مہاجرین کے کوٹے پر کام کرنا ہوگا، اور اس کے لئے اتفاق رائے سے فیصلے کے معاملے کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ سب کے اتفاق سے فیصلہ اچھی بات ہے، لیکن ہمیشہ کوئی نہ کوئی مخالف آواز ہوتی ہے، اگر آپ مہاجرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں، تو پھر کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہئے، فیصلہ اکثریت رائے سے بھی کیا جاسکتا ہے۔

اٹلی میں آمد

ادھر مہاجرین کے لئے کھلا دل رکھنے والے اٹلی کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کو قبول کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک 1990 مہاجرین کابل سے اٹلی منتقل کئے جاچکے ہیں، جن میں 547 خواتین اور 667 بچے شامل ہیں ، جبکہ مجموعی طور پر اٹلی نے 3350 مہاجرین کو ریسکیو کیا ہے، باقی 1300 کے قریب افراد کابل ائرپورٹ پر منتقلی کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی 104 افغان شہریوں کو لیکر پرواز اٹلی کے شہر بریشیا پہنچی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.