اٹلی میں نوکری تلاش کرنے والوں کے لئے حالات مزید سازگار ہوگئے 

0

روم: کرونا کی وبا تھمنے کے بعد اطالوی معیشت کی بحالی کا عمل جاری ہے، جس کا مثبت اثر ملازمتوں پر بھی سامنے آرہا ہے، اور ملک میں بے روزگاروں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، اداراہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مزید افراد کو روزگار مل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی ادارہ شماریات نے اٹلی میں روزگار کی صورت حال پر رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح جولائی میں کم ہوکر 9.3  فیصد پر آگئی ہے، جون کے مقابلے میں بے روزگاری 0.1 فیصد مزید کم ہوئی ہے، نوجوانوں کو روزگار زیادہ ملا ہے، اور ان  میں بے روزگاری کی شرح 1.6 فیصد کم ہوئی ہے، جو اب 27 فیصد پر آگئی ہے، گزشتہ برس کے مقابلے میں 4 لاکھ 40 ہزار زیادہ افراد اس وقت برسر روزگار ہیں۔ گزشتہ 5 ماہ سے ملازمتوں کے مواقع بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اس دوران ساڑھے 5 لاکھ افراد کو روزگار ملا ہے۔

خیال رہے کہ شماریاتی ادارہ ISTAT نے افراط زر کے حوالے سے اگست کی رپورٹ بھی جاری کردی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں 8 سال بعد اتنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اگست میں افراط زر کی شرح 2.1 فیصد رہی، جو جولائی میں 1.9 فیصد تھی، اس سے پہلے جنوری 2013 میں افراط زر 2.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.