بلونیا میں ڈانس کلب پر چھاپہ، کلب سیل، میلان میں گرین پاس کیخلاف مظاہرہ

0

بلونیا: اٹلی کے علاقے بلونیا میں پولیس نے ڈانس کلب پر چھاپہ مارا ہے، جہاں 200 نوجوان لڑکے اور لڑکیاں جمع تھے، ڈانس کلب کو سیل کردیا گیا ہے، ادھر میلان میں ویکسین سے جڑے گرین پاس کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ہے، مظاہرے میں 1500 کے قریب افراد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے بلونیا میں پولیس نے Borgo Panigale کے مقام پر ایک ڈانس پارٹی پر چھاپہ مارا ہے ، جہاں 200 سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ڈانس پروگرام میں شریک تھے، انہوں نے میز جوڑ کر ڈانسنگ فلور بنا رکھا تھا، اور ایس او پیز کا کوئی خیال نہیں رکھا جارہا تھا، ماسک اور سماجی فاصلہ سمیت کچھ نہیں تھا، پولیس نے کلب کو 5دن کے لئے سیل کردیا ہے۔

ادھر میلان میں گرین پاس کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ہے، مظاہرین نے میلان یونیورسٹی سے پیلس آف جسٹس تک مارچ کیا، اور گرین پاس کی شر ط کے خلاف نعرے لگائے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرے میں 1500 کے قریب افراد نے شرکت کی، جو مختلف نغمے بھی گاتے رہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل اطالوی شہر Trieste میں بار کے باہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں دو ممالک کے تارکین آپس میں لڑ پڑے تھے، لڑائی میں گولیاں، چاقو اور آہنی راڈز سے ایک دوسرے پر حملے کئے گئے تھے، جس میں 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.