اٹلی میں بھی ڈبل سواری پر پابندی کی تیاری

0

روم: اٹلی میں ای اسکوٹر تیزی سے مقبول ہوئے ہیں، تاہم ان کے حادثات بھی بڑھتے جارہے ہیں، تازہ واقعہ میں ایک 13 سالہ لڑکا حادثے میں جان گنوا بیٹھا ہے، جس کے بعد ای اسکوٹرز کو ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے، ایک مئیر نے اپنے علاقےمیں خود ہی ریگولیشن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اٹلی میں وفاقی سطح پر ای اسکوٹرز چلانے کیلئے قوانین کا مسودہ تیار کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میلان کے قریب واقع قصبے Sesto San Giovanni میں ای اسکوٹر چلانے کے دوران ایک 13 سالہ لڑکا حادثہ کا شکار ہوگیا، لڑکا ای اسکوٹر چلاتے ہوئے کسی وجہ سے گرا، ہیلمٹ نہ پہنا ہونے کی وجہ سے اس کے سر پر چوٹ لگی ، جس سے اس کی جان چلی گئی، اس واقعہ کے بعد اٹلی میں ای اسکوٹرز کو ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ پھر زور پکڑ گیا ہے، اس شہر کے مئیر Roberto Di Stefano نے تو اعلان کیا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی طرف سے ریگولیشن آنے کا مزید انتظار نہیں کرسکتے، اور انہوں نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ای اسکوٹر ز کے لئے ہیلمٹ لازمی قرار دے دیا ہے، جبکہ رفتار کی حد بھی زیادہ سے زیادہ 20 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کردی ہے، پیدل چلنے والوں کے زون میں یہ رفتار مزید کم ہوکر 5 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی ہے، انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ای اسکوٹرز کے لئے نمبر پلیٹ اور لائسنس لازمی قرار دیا جائے، اس واقعہ کے بعد فلورنس کے مئیر نے بھی دسمبر سے ای اسکوٹر چلانے کیلئے ہیلمٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔

پورے اٹلی کیلئے قانون کی تیاری

ای اسکوٹرز چلانے والوں کے لئے اٹلی بھر میں قانون نافذ کرنے کے لئے روم میں ارکان پارلیمان بل تیار کررہے ہیں، جس میں ای اسکوٹرچلانے کےلئے کم از کم عمر 18 برس مقرر کرنے اور ہیلمٹ لازمی قرار دیا جائے گا، اسی طرح ای اسکوٹر پر ڈبل سواری پر پابندی لگادی جائے گی، خلاف ورزی پر 50 سے ڈھائی سو یورو جرمانے کی تجویز ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.