اٹلی میں موجیں ختم، قرضے، ٹیکس، بلوں کی وصولی شروع

0

روم: اٹلی میں کرونا کی وبا کی وجہ سے جاری موجیں ختم ہونے پر آگئیں، قرضوں، ٹیکس اور بلوں سمیت جن ادائیگیوں کی قسطیں حکومت نے وبا کی وجہ سے معطل کررکھی تھیں، اب انہیں وصول کرنے کے لئے شیڈول دے دیا گیا ہے، اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے واجبات کی ادائیگی شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی وبا کی وجہ سے گزشتہ سال سے ٹیکسوں اور بلوں کی مد میں مختلف قسطوں کی وصولیاں حکومت نے معطل کر رکھی تھیں، تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام پر بوجھ نہ پڑے، تاہم اب چوں کہ اٹلی میں کاروبار کھل گئے ہیں، اور زندگی کسی حدتک معمول پر آتی جارہی ہے، اس لئے حکومت نے ان قسطوں کی وصولی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق ان قسطوں کی وصولی رواں ماہ ستمبر سے بحال کی جارہی ہے، اس حوالے سے نوٹسز کا اجرا بھی شروع کیا جارہا ہے، گزشتہ برس فروری ، مارچ سے لے کر اس سال 31 اگست تک کے واجب الادا ٹیکس و واجبات کے نوٹس تیار کئے جا ئیں گے، اور 30 ستمبر تک اس کی کچھ نہ کچھ قسطیں ادا کرنا ضروری ہوگا، جبکہ باقی ادائیگیوں کے لئے 31 دسمبر کی مزید مہلت حاصل کی جاسکے گی، بصورت دیگر ضبطگی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

اسی طرح ستمبر سے تازہ واجبات کی ادائیگی ساتھ ساتھ کرنی ہوگی، دوسری طرف کرائے کی مد میں حکومت کی گرانٹ حاصل کرنے کے لئے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے اور اب 6 اکتوبر تک کرائے کی گرانٹ کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.