کرونا پابندیوں سے یورپی ملک پاک ہوگیا، آزادی پر عوام کا جشن

0

کوپن ہیگن: یورپ کے ایک ملک نے کرونا کی وبا کے بعد پہلی بار شہریوں کو تمام ایس اوپیز کی پابندیوں سے آزاد کردیا ہے، اور اس ملک کے شہریوں کے لئے کرونا سے پہلے والے آزادی کا دور لوٹ آیا ہے، جس پر شہری بھی بہت خوشی کااظہار کررہے ہیں، اور بڑا کنسرٹ رکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈنمارک جمعہ کو پہلا یورپی ملک بن گیا ہے، جہاں کرونا سے جڑی تمام پابندیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے، اور آزادیوں کا پرانا دور لوٹ آیا ہے، اب ڈنمارک کے رہائشیوں کو نائٹ کلبز ، بارز سمیت کسی بھی جگہ جانے کے لئے گرین پاس(ویکسین سرٹیفیکیٹ ) دکھانے کی ضرورت نہیں رہی، حکومت نے تمام پابندیاں ایسے وقت ختم کی ہیں، جب ملک کی 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے، اگر چہ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ صرف ویکسین لگانے سے وبا ختم نہیں ہوسکتی ، تاہم ڈینش حکومت نے اس پر کان نہیں دھرے، ا ور شہریوں کو تمام پابندیوں سے آزادی دے دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے، اور یومیہ 500 تک کیس آرہے ہیں۔

عوام خوش

کرونا کی پابندیوں سے نجات ملنے پر ڈینش شہری بہت خوش نظر آرہے ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ آزادی ملنے پر انہیں سکون ملا ہے، کرونا کی وبا کی وجہ سے پچھلے سال سے اب تک پابندیوں نے ان کی زندگی میں مشکلات پیدا کردی تھی، پابندیوں کے خاتمے کےبعد کوپن ہیگن میں ہفتہ کے روز کنسرٹ میں 50 ہزار افراد شرکت کررہےہیں، جو کرونا کے بعد یورپ میں پہلا بڑا کنسرٹ ہے، واضح رہے کہ ڈنمارک سے قبل جون میں آئس لینڈ نے بھی کرونا پابندیاں مکمل ختم کی تھیں، تاہم کرونا کیس بڑھنے پر آئس لینڈ کو واپس کچھ پابندیاں لگانی پڑگئی تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.