برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، بڑی مشکل ختم

0

لندن: برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے سکھ کا سانس، پاکستان کیلئے سفر آسان ہوگیا، برطانیہ کی حکومت نے پاکستان، بنگلہ دیش اور ترکی سمیت 8 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ریڈ لسٹ سے نکلنے پر پاکستان سے جانے والے افراد کیلئے ہوٹل میں لازمی قرنطینہ کی شرط ختم ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شاپس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ نے پاکستان سمیت 8 ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے، ریڈ لسٹ سے نکلنے والے ممالک میں پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، عمان، بنگلا دیش اور کینیا شامل ہیں، ریڈ لسٹ سے باہر آنے کے فیصلے کا اطلاق بدھ 22 ستمبر کی صبح چار بجے سے ہوگا۔ ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد مکمل ویکسین شدہ افراد کو پاکستان سے برطانیہ آنے پر قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے افراد کو 10 دن کیلئے ہوٹل میں قرنطینہ کرنا پڑتا ہے جس کے اخراجات کی مد میں انہیں 2285 پاؤنڈز (5 لاکھ 27 ہزار روپے پاکستانی ) اضافی ادا کرنے پڑتے تھے، جس کے باعث برطانیہ واپس جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔

اس فیصلے کے خلاف برطانوی ارکان پارلیمان بھی مسلسل آوازیں اٹھا رہے تھے، برطانوی ارکان پارلیمنٹ حکومت کے اس فیصلے کو امتیازی قرار دیتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں کرونا کیسز کم ہیں، لیکن برطانیہ نے صرف پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھا ہے، ان کی طرف سے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ پاکستان کا نام ریڈ لسٹ سے نکالا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.