ارجنٹینا کروڑوں ڈالر کے جدید پاکستانی طیارے خریدے گا، پاکستان کو بڑا دفاعی سودا مل گیا

0

لندن: دفاعی سودے کے سلسلے میں پاکستان کو اہم کامیابی ملی ہے، اور ارجنٹائن نے مختلف ملکوں کی پیش کش کو چھوڑ کر پاکستان سے جے ایف تھنڈر طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لئے بجٹ بھی مختص کردیا گیا ہے، سودے سے پاکستان کو کروڑوں ڈالر حاصل ہوں گے، اور دفاعی سامان کی تیاری کی صنعت کو فروغ ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن نے پاکستان سے کروڑوں ڈالر کے طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، برطانوی دفاعی جریدے’’یوکے ڈیفنس جرنل ‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ارجنٹائن نے روس، امریکہ اور بھارت کی طرف سے طیارے فراہم کرنے کی پیش کش کے باوجود فورتھ جنریشن پاکستانی جے ایف تھنڈر طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے پہلے ارجنٹائن مختلف ملکوں سے جدید طیارے خریدنے کی کوشش کر تا رہا ہے، تاہم کہیں فنڈز کی کمی آڑے آجاتی تھی، اور کہیں برطانیہ اعتراض کردیتا تھا، جس کا فاک لینڈ جزائرپر ارجنٹائن سے پرانا تنازعہ چل رہا ہے، اور ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان اس پر جنگ بھی ہوچکی ہے، رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن نے جنوبی کوریا سےبھی طیارے خریدنے کی کوشش کی تھی، جسے برطانیہ نے رکوا دیا تھا۔

تاہم اب ارجنٹائن نے پاکستان سے 12 جے ایف تھنڈر طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 17 اے بلاک تھری فائٹرز طیارے ہیں، اس مقصد کے لئے ارجنٹائن کی کانگریس میں پیش کئے گئے2022 کے بجٹ میں 664 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے، برطانوی جریدے کے مطابق پاکستان سے خریدے جانے والے جے ایف تھنڈر طیاروں میں 10 سنگل سیٹ بلاک تھری اور 2ڈبل سیٹ بلاک تھری کےطیارے شامل ہیں، جے ایف 17 اے بلاک تھری طیارے سپرسانک ، ملٹی رول فورتھ جنریشن طیارے ہیں، یہ سنگل انجن ملٹی رول طیارے پاکستان ائرو ناٹیکل کمپلیکس میں تیار کئے جاتے ہیں، جے ایف 17 طیارے کثیر المقاصد جنگی طیارے ہیں، جو فضا، زمین اور سمندر تینوں جگہوں پر حملے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس طیارے کے 58 فیصد پرزے بمعہ ائر فریم پاکستان میں تیار کئے جاتے ہیں، جبکہ باقی 42 فیصد چین میں تیار ہوتے ہیں، جنہیں بعد میں پاکستان اسمبل کیا جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.