اٹلی میں’’بھنگ‘‘ کے دیوانوں نے پہلی کامیابی حاصل کرلی

0

روم: ساوی یعنی بھنگ کے چاہنے والے اٹلی میں بھی بہت نکل آئے ہیں، اور انہوں نے اس کی محدود پیمانے پر کاشت جائز قرار دلانے کیلئے مہم میں ابتدائی کامیابی حاصل کرلی ہے، اس معاملے پر ریفرنڈم کب ہوسکتا ہے، اس کا ممکنہ وقت بھی سامنے آگیا ہے۔

جی ہاں اٹلی میں بھنگ کے محدود استعمال کے حامی گروپ نے اس معاملے پر ریفرنڈم کے لئے درکار 5 لاکھ افراد کے دستخط حاصل کرلئے ہیں، اور انہوں نے یہ دستخط صرف ایک ہفتے میں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جس سے بھنگ کے حامی گروپ بھی حیران ہوئے ہیں، انہیں بھی اتنی جلدی یہ ہدف حاصل ہونے کی توقع نہیں تھی، ان کے پاس ستمبر کے اختتام تک ابھی مزید وقت ہے، جس کےدوران وہ مزید حمایت حاصل کرتے رہیں گے، گروپ کا کہنا ہے کہ جس تیزی سے اطالوی شہریوں نے بھنگ کےمعاملے میں نرمی کے حق میں ریفرنڈم کے لئے دستخط کئے ہیں، اس سے ان کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے، بھنگ کے حامی گروپ میں شامل سینیٹر اور سابق یورپی کمشنر Emma Bonino نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کیلئے 5 لاکھ دستخط کا حصول بڑی کامیابی ہے۔

ریفرنڈم کے لئے مطلوبہ دستخط ملنے کے بعد اگلے سال 2022 کے آغاز میں ریفرنڈم متوقع ہے، تاہم اس سے پہلے ریفرنڈم کے لئے ملنے والے دستخظ کی باضابطہ تصدیق کرائی جائے گی، ریفرنڈم کی تجویز میں ذاتی استعمال کے لئے محدود پیمانے پر بھنگ کی کاشت اور چھوٹے پیمانے پر بھنگ برامد ہونے پر جیل کی سزا ختم کرنا شامل ہے، بھنگ کے حق میں مہم چلانے والے گروپ کے Antonella Soldo کا کہنا ہے کہ دستخط کرنے والوں میں سے تقریباً نصف25 برس سے کم عمر کے ہیں۔

سیاسی جماعتیں تقسیم

پارلیمنٹ کی سب سے بڑی سیاسی جماعت فائیو اسٹار بھی بھنگ کے معاملے میں قوانین نرم کرنے کی حامی ہے، جبکہ دائیں بازو کی لیگا نارد  اور برادر آف اٹلی اس کی مخالف ہیں، جبکہ پی ڈی اس معاملے پر محتاط طرز عمل اپنائے ہوئے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.