یورپ سمیت 33 ممالک کے شہریوں کیلئے سفری دروازے کھولنے کا امریکی اعلان

0

واشنگٹن: امریکہ نے 33 سے زائد ملکوں کے شہریوں کے لئے کرونا سے متعلق سفری پابندیاں ختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے، یورپی یونین کے رکن ممالک سمیت دیگر کے لئے یہ پابندیاں نرم کرنے کی ممکنہ تاریخوں کا اشارہ دے دیا گیا، جبکہ اس حوالے ایس اوپیز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ نے بیشتر ملکوں کے لئے تو پہلے ہی سفری پابندیاں نرم یا ختم کردی تھیں، تاہم ان ممالک میں جہاں کرونا کی وبا کا معاملہ زیادہ تھا، ان کے لئے بھی اب سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وائٹ ہاوس کے ترجمان جیبف زائنٹس نے اعلان کیا ہے کہ بیشتر یورپی ممالک سمیت 33 سے زائد ممالک کے شہریوں پر کرونا کی سفری پابندیاں نومبر میں ختم کردی جائیں گی، تاہم اس کے لئے ضروری ہوگا کہ امریکہ کا سفر کرنے والے افراد ویکسین لگواچکے ہوں، غیر ویکسینیٹڈ افراد پر پابندی برقرار رہے گی، جن ممالک کے ویکسین لگوانے والے شہر ی نومبر سے امریکہ کا سفر کرسکیں گے، ان میں اٹلی ، فرانس ،جرمنی ، اسپین، یونان سمیت یورپی یونین کے رکن ممالک سوئٹزرلینڈ ، برطانیہ ، آئرلینڈ، جنوبی افریقہ ،بھارت، ایران اور برازیل شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ امریکہ کا سفر کرنے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ تین دن پہلے کا کلئیر پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا، اس کے علاوہ بورڈنگ سے قبل یہ ثبوت دینا ہوگا کہ انہیں ویکسین لگ چکی ہے، اس سوال پر کہ کون کون سی ویکسین قابل قبول ہوگی، ترجمان نے کہا کہ اس کا تعین یو ایس سینٹر برائے ڈیزیز کنٹرول کرے گا۔

تاہم مغربی خبر ایجنسی کےمطابق چین کا نام پابندیاں اٹھانے والی فہرست میں شامل ہونے سے ا س بات کا اشارہ ملتا ہے کہ ممکنہ طور پر چینی ویکسین بھی قبول کی جائے گی، امریکہ نے ان ممالک کے شہریوں پر کرونا کی وبا کی وجہ سے سفری پابندیاں لگانے کا آغاز گزشتہ برس جنوری سے کیا تھا، جب اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے چین، اور پھر دوسرے ممالک کو بتدریج وبا کی صورت حال دیکھتے ہوئے شامل کیا، وائٹ ہاوس کے ترجمان نے اگرچہ پابندیاں ختم کرنے کی حتمی تاریخ نہیں دی، تاہم انہوں نے اس کے لئے نومبر کے شروع کا لفظ استعمال کیا، اور بتایا کہ نئی پالیسی کی تفصیلات ابھی طے کی جارہی ہیں، دوسری طرف امریکہ نے پیر کو کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ زمینی سرحد پر کرونا سے متعلق سفری پابندیوں میں 21 اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

د وسری جانب جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ڈیٹا کے مطابق امریکہ میں کرونا سے اموات 1918 میں پھیلنے والے اسپینش فلو سے تجاوز کرگئی ہیں، اسپینش فلو سے امریکہ میں 6 لاکھ 75 ہزار اموات ہوئی تھیں، جبکہ کرونا سے اب تک اموات 6 لاکھ75 ہزار 446 تک پہنچ گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.