یورپی ممالک میں ویکسین کی تیسری ڈوز لگے گی یا نہیں، اہم فیصلہ سامنے آگیا

0

برسلز: یورپی میڈیسن ایجنسی نے کرونا ویکسین کی تیسری خوراک کے حوالے سے اہم منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق تمام بالغ افراد پر کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اس منظوری سے ویکسین کی تیسری خوراک کے حوالے سے چھائی گرد چھٹ جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا ویکسین کی تیسری بوسٹر ڈوز لگانے کے حوالے سے یورپی ممالک اور امریکہ میں ماہرین کی بحث جاری ہے، امریکی ماہرین نے کچھ روز قبل 60 برس سے کم عمر والے افراد کے لئے تیسری ڈوز کی واضح اکثریت سے مخالفت کردی تھی، تاہم اب یورپی میڈیسن ایجنسی ’’ای ایم اے‘‘ نے فائزر کمپنی کی ویکسین تیسری ڈوز کے طور پر منظور کرلی ہے، جس کا مقصد قوت مدافعت بڑھانا ہے، یورپی میڈیسن ایجنسی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ان کے ماہرین کی کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ فائزر ویکسین کی تیسری خوراک 18 برس سے زائد عمر کے تمام افراد کو لگائی جاسکتی ہے، یورپی ایجنسی کا کہنا ہے کہ موڈرینا ویکسین تیسری ڈوز کے طور پر لگائی جاسکتی ہے یا نہیں ، اس بارے میں ابھی اسٹدی جاری ہے۔

’’ای ایم اے‘‘ کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کی تیسری ڈوز ویکسین کی دوسری ڈوز کے 6 ماہ بعد لگائی جاسکتی ہے، ان کے ماہرین نے تجزیہ کیا ہے کہ 18 سے 55 سال کے افراد کو تیسری بوسٹر ڈوز دینے سے ان کے جسم میں کرونا کے خلاف قوت مدافعت بڑھی ہے، جبکہ اس کے کوئی سائیڈ ایفیکیٹ بھی سامنے نہیں آئے، واضح رہے کہ یورپی ایجنسی کی جانب سے منظوری کے باوجود یورپی ممالک کو تیسری ڈوز کے حوالے سے فیصلہ خود کرنا ہوگا، اور اس کے لئے ان کے اپنے ادارے منظوری کا حتمی فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، جس میں وہ مقامی حالات، وائرس کی صورت حال سمیت دیگر چیزیں مدنظر رکھتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.