درد ہوگا نہ چبھن، یورپی ماہرین نے سوئی کے بغیر انجکشن تیار کرلیا

0

برسلز: انجکشن یعنی ٹیکہ جب سے ایجاد ہواہے، انسانوں کی بڑی تعداد اس سے بچنے کی کوشش کرتی ہے، اور بالخصوص بعض بچے تو ٹیکہ دیکھتے ہی رونے لگ جاتے ہیں، اور اس کی وجہ بنتی ہے، ٹیکہ میں لگی سوئی کا چبھنا، جس سے ہلکی تکلیف محسوس ہوتی ہے، تاہم اب یورپی ملک کے سائنسدانوں نے ایسا ٹیکہ تیار کرلیا ہے، جس میں سوئی نہیں ہوگی، یعنی سانپ بھی مرجائے گا، اور لاٹھی بھی نہیں ٹوٹے گی۔

تفصیلات کےمطابق ویسے تو انجکشن کی ایجاد کے بعد سے ہی انسانوں کی بڑی تعداد اس سے ڈرتی اور بچنے کی کوشش کرتی آئی ہے، تاہم کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والوں میں ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی بھی ہے، جو انجکشن لگوانے سے ڈرتے یا بچتے ہیں، ایسے میں یورپی ملک ہالینڈ کے کچھ ماہرین ایسے انجکشن کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں، جس میں سوئی نہیں ہوگی، بلکہ لیزر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائےگا، دوا تو انجکشن کی طرح ہی انسانی جسم میں داخل ہوجائے گی، لیکن یہ سب کوئی سوئی چبھوئے بغیر ہوگا، آپ کو کوئی درد نہیں ہوگا، ڈچ ماہرین نے انجکشن والا متبادل آلہ جو تیار کیا ہے، اسے ’’ببل گن ‘‘ کا ابتدائی نام دیا گیا ہے۔

ماہرین کی ٹیم کے سربراہ ڈیوڈ فرنینڈز ریواس کا کہنا ہے کہ ’’ببل گن‘‘ لیزر کے ذریعہ دوائی کے قطرے انسانی جلد کے بیرونی حصے میں منتقل کرے گی، اور یہ عمل مچھر کاٹنے سے بھی زیادہ برق رفتار ہوگا، جس میں کوئی تکلیف نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہم اس پر ابھی مزید کام کررہے ہیں، اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم انسانی جلد کو نقصان پہنچائے بغیر اس میں دوا داخل کرنے کے قابل ہوجائیں گے، جس سے انجکشن سے ڈرنے والے افراد کو بھی ویکسین لگوانے پر قائل کرنا آسان ہوگا، اس کے علاوہ سوئیوں سے پیدا آلودگی سے بھی نجات مل جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.