ثمن کیس کی فرانس میں سماعت، ایک اور غیرملکی لڑکی کا ملتا جلتا معاملہ سامنے آگیا

0

پیرس: اٹلی کو پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں مطلوب اس کے چچا دانش حسین کیخلاف فرانس کی عدالت میں ایک اور سماعت ہوئی ہے، تاہم فرانسیسی عدالت نے ملزم کی اٹلی حوالگی کی درخواست پر نئی تاریخ دے دی ہے، دوسری جانب اٹلی میں مقیم ایک اورتارک وطن خاندان میں ثمن کیس کی طرح مرضی سے شادی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں فرانس میں گرفتار اس کے چچا دانش حسین کے خلاف پیرس کی عدالت میں سماعت ہوئی ہے، جہاں اٹلی کی جانب سے حوالگی کی درخواست زیر سماعت ہے، دانش حسین  اپنی بھتیجی کے لاپتہ اور ممکنہ طور پر قتل ہونے کے معاملے سے لاتعلقی ظاہر کرچکے ہیں، اور انہوں نے فرانسیسی عدالت میں درخواست دائر کی ہے، کہ انہیں اٹلی کے حوالے نہ کیا جائے، گزشتہ روز کی سماعت میں دانش حسین کے وکیل نے فرانسیسی عدالت کو بتایا کہ اطالوی حکام کی جانب سے بھیجی گئی اضافی دستاویزات فرانسیسی ترجمہ کے بعد انہیں ایک روز قبل ہی ملی ہیں، اس لئے وہ ان کا جائزہ نہیں لے سکے، دستاویزات سمجھنے کے لئے انہیں مزید وقت دیا جائے، جس پر عدالت نے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

 دوسراواقعہ

دوسری طرف اٹلی کے علاقے مودنا میں مقیم ایک تارک وطن فیملی کی لڑکی کی طرف سے بھی مرضی کی شادی کا کیس سامنے آیا ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق مراکش کا پس منظر رکھنے والی 21 سالہ لڑکی نے خاندان کی مرضی کے بغیر ایک 42 سالہ اطالوی شہری سے شادی کرلی تھی، اور وہ امید سے بھی ہوگئی تھی، تاہم اس کے ماموں لڑکی کو ڈراتے دھمکاتے اور تشدد کا نشانہ بناتے تھے، اور وہ لڑکی کے مختصر لباس پر بھی اس سے لڑتے تھے، بعد ازاں لڑکی نے پولیس کو شکایت کردی تھی، جس پر اب مودنا کی عدالت نے اس کے 32 سالہ ماموں پر لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں فرد جرم عائد کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.