مسلم لیگ ن اٹلی کا ورکرز کنونشن کا انعقاد

0

رویریتو: (رپورٹ: تنویر ارشاد) مسلم لیگ ن اٹلی کی جانب سے ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، نور الحسن تنویر، علی زاہد حامد، بیرسٹر امجد ملک سمیت دیگر رہنمائوں کا ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب، اوورسیز چیپٹر میں موجود لیگی کارکنان کو اختلاف ختم کرکے متحد ہونے کی ہدایت، ن لیگ اٹلی کے کارکنان میں اختلافات ختم کرنے کےلیے چوہدری خالد محمود گوندل کو ٹاسک دے دیا گیا، ملکی میں جاری مہنگائی،معاشی و اقتصادی صورتحال پر احتجاجی ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا۔

مسلم لیگ ن اٹلی کی جانب سے اٹلی کے شہر رویریتو میں ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا، کنونشن میں اٹلی بھر سے بڑی تعداد میں لیگی کارکنان نے شرکت کی جبکہ اٹلی میں موجود مسلم لیگ ن پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق چوہدری خالد محمود گوندل کی صدارت میں متحد ہوکر پارٹی کو یورپ میں آگے لےجانے کا اعادہ کیا ۔ ورکر کنوینشن سے قبل ملک میں جاری مہنگائی، بےروزگاری،معاشی و اقتصادی بحران اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کےخلاف ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی گئی۔

ورکر کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئر اسحاق ڈار نے صدر مسلم لیگ ن اٹلی خالد محمود گوندل کو کامیاب کنوینشن کروانے اور پارٹی کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجہا کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود گوندل کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ اٹلی میں موجود تمام مسلم لیگی حلقوں میں اتحاد پیدا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ حکومت کے پاس نہ تجربہ تھا اور نہ ہی تیاری کی تھی، نوکریاں دینے کے بجائے بیروزگاری میں اضافہ، قرضوں میں اضافہ سمیت ہر چیز پر یوٹرن لیا ہے، 2013 میں بھی نواز شریف کی قیادت میں ہی ملک کو امن و امان کی خراب صورتحال، معاشی بحران، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے ن لیگ کی حکومت نے ہی نکالا تھا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملکی قرضوں، توانائی بحران، مہنگائی سمیت 22 سالہ سیاست میں خو بھی وعدے کیے وہ سب فراڈ اور دھوکہ ثابت ہوئے، جنہیں ڈاکو کہا گیا اور چپڑاسی بھی نہ رکھنے کا کہا اس پر۔بھی یوٹرن لیکر حکومت میں حلیف بنایا۔

چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ ن بیرسٹر امجد ملک نے کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی ہیں، اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب، اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن میں تارکین وطن کو نمائندگی دی اور اب بھی مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ میں اوورسیز کےلیے نشستوں کی بات کی ہے، جلد اوورسیز کنوینشن کا انعقاد کریں گے جس سے مریم نواز خطاب کریں گی۔

صدر مسلم لیگ ن اٹلی چوہدری خالد محمود گوندل نے پارٹی کارکنان کو تمام تر اختلافات سے بالاتر ہوکر کنوینشن میں متحد ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی کارکنان اپنے قائد نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو اور خدمت کو ووٹ دو کے بیانیہ پر کھڑے ہیں، نواز شریف اور اسحاق ڈار کی ملک کو معاشی و امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی پالیسیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔

مسلم لیگ ن اٹلی کے رہنما چوہدری اجمل حسین گوٹریالہ نے کہا کہ قوم کے پاس وقت ہے کہ وہ نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہوجائیں اور ملک میں جاری مہنگائی، بےروزگاری و معاشی بدحالی کے خلاف کھڑے ہوجائیں، سیاسی جماعتیں نظریے پر چلتی ہیں اور مسلم لیگ ن عوامی نظریہ ہے، خالد محمود گوندل کی صدارت میں مسلم لیگ ن اٹلی کو مضبوط کریں گے اور 25 دسمبر کو بریشیا میں اوورسیز کنوینشن منعقد کرکے قائد نواز شریف کے ووٹ خو عزت دو کے نعرے کو تقویت دیں گے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ یوتھ ونگ یورپ ظہیر الدین ظفر نے کہا کہ خالد محمود گوندل نے اپنی محبت اور کاوشوں سے تمام لیگی کارکنان کو متحد کردیا ہے، مسلم لیگ ن کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کو پورے یورپ میں موجوداوورسیز پاکستانیوں تک پہنچائیں گےاور ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مسلم لیگ ن کو مضبوط کریں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنمائوں میاں محمد اسلم، چوہدری عمران روم امراء، اعظم گوندل اور چوہدری آصف کامران گوندل نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ایصال ثواب کےلیے دعا بھی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.