اٹلی سمیت یورپی ملکوں میں کرونا پھر تیزی سے لوٹنے لگی

0

برسلز: اٹلی سمیت یورپی ممالک میں پرانی پریشانی پھر تیزی سے لوٹنے لگی، کرونا کے کیس ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں، جس سے طبی ماہرین میں پریشانی   پیدا ہونے لگی ہے، عالمی ادارہ صحت پہلے ہی خبردار کرچکا ہے کہ موسم سرما شروع ہونے پر کرونا کے کیس  بڑھ سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بعد یورپی یونین کے رکن ممالک اٹلی، جرمنی، آسٹریا اور ناروے سمیت کئی ممالک میں کرونا کے کیس بڑھنے لگے ہیں، اٹلی میں جمعرات کو 4866 نئے کیس سامنے آئے، جبکہ 50 اموات بھی ہوئی ہیں، اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ دو ماہ میں پہلی بار وبا کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، اور یہ ایک فیصد کے قریب ہے، آسٹریا میں نومبر کے بعد پہلی بار یومیہ کیس 4 ہزار سے بڑھ گئے ہیں، جرمنی میں بھی کرونا کے مریضوں میں ایک دفعہ پھر اضافہ ہو رہا ہے۔

وبائی امراض کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جمعرات کو ایک دن میں 28 ہزار37 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 126 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ فی لاکھ آبادی میں کرونا کے کیس بڑھ کر 130 ہوگئے ہیں، جو ایک ہفتہ پہلے 118 تھے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مریض بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، ناروے میں بھی کرونا کے کیس بڑھ رہے ہیں، جس کے بعد نارویجین وزیر صحت نے موجودہ سفری پابندیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ملک کے اندر نئی پابندیاں فی الحال زیر غور نہیں ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.