برطانیہ کرونا کے علاج کیلئے دوا منظور کرنے والا پہلا ملک بن گیا

0

لندن: برطانیہ نے کرونا کی وبا سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے امریکی کمپنی کی تیار کردہ گولی استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے، کرونا کی وبا سامنے آنے کے بعد یہ پہلی  دوائی ہے، جو علاج کے لئے منظور کی گئی ہے، برطانوی وزیرصحت ساجد جاوید نے اسے گیم چینجر قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے کرونا کی وبا میں مبتلا افراد کے علاج کے لئے تیار کردہ امریکی دوا ساز کمپنی ’’مرک‘‘ (Merck) کی تیار کردہ گولی کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ اس طرح برطانیہ کرونا کی دوا منظور کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے، اس سے قبل کرونا سے بچاؤ کے لئے صرف ویکسین لگائی جارہی تھی، لیکن اس وبا سے نمٹنے کے لئے کوئی دوا تیار نہیں ہوئی تھی، برطانوی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکی کمپنی کی تیار کردہ  گولی کرونا سے متاثرہ افراد میں موثر ثابت ہوئی ہے، اور کلینکل ٹرائل میں اسپتال داخلے کی شرح نصف کم ہوئی، اس گولی کو Lagevrio کا برانڈ نام دیا گیا ہے، اور یہ کرونا مریضوں کو دن میں دو بار ایک ہفتے تک دی جاسکے گی۔

برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ یہ گولی کرونا مریضوں کے  علاج کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ برطانیہ نے 4 لاکھ 80 ہزار گولیاں خریدی ہیں، اور یہ ویکسین شدہ اور بغیر ویکسین دونوں مریضوں کو کھلائی جاسکے گی، واضح رہے کہ ’’مرک‘‘ نے امریکی ریگولیٹرز کو بھی گولی کے استعمال کی اجازت کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.