یورپی عہدیدار نے برطانیہ کو کھری کھری سنادیں، تارکین روکنے کیلئے 4 ملکی اجلاس میں اہم فیصلے

0

برسلز: ایسے وقت میں جب انگلش چینل سے  مہاجرین کی آمد معاملے پر فرانس اور برطانیہ میں  کشیدگی کی فضا جاری ہے، اہم یورپی عہدیدار نے برطانیہ کو  کھری کھری سنادی ہیں، دوسری طرف  فرانس کی میزبانی میں اس کے 4پڑوسی  ملکوں نےتارکین کو روکنے کے لئے اہم فیصلہ  کئے ہیں، لیکن اجلاس میں برطانیہ کو نہیں بلایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلش چینل سے تارکین کی مسلسل آمد پر فرانس کو ہدف تنقید بنانے والے برطانیہ کو یورپی کمیشن کے نائب صدر نے کھری کھری سنادی ہیں، یورپی کمیشن کے نائب صدر Margaritis Schinas نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد تارکین کا مسئلہ سلجھانا برطانیہ کی ذمہ داری ہے، اپنے بارڈر کیسے کنٹرول کرنے ہیں، یہ فیصلہ اب برطانیہ کا ہونا چاہئے، انہوں نے برطانیہ کو یاد دلایا کہ بریگزٹ ریفرنڈم میں اس کا مرکزی نعرہ تھا کہ ہم اپنے بارڈر خود کنٹرول کریں گے، اب برطانیہ کو اپنے بارڈرز کا کنٹرول واپس مل گیا ہے، تو اسے خود ان کا انتظام کرنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی ڈرائیوروں نے برطانیہ کو جھنڈی دکھادی، فرانس کا بھی طنز

واضح رہے کہ جمعرات کو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے فرانسیسی صدر کے نام کھلا خط جاری کیا تھا، جس میں فرانس پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے تارکین کو انگلش چینل پار کرنے سے روکنے کے لئے 5 اقدامات کا مطالبہ کیا تھا، ان میں برطانوی افسران کی فرانس کے ساحلوں پر تعیناتی اور تارکین کو واپس لینے کا مطالبہ بھی شامل تھا، جس پر فرانسیسی صدر نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ’’نو‘‘ سے برطانیہ کو جواب دیا تھا۔

جبکہ فرانس نے انگلش چینل سے تارکین کو دور رکھنے کے معاملے پر بلائے گئے متعلقہ ممالک کے اجلاس کا دعوت نامہ بھی برطانیہ سے واپس لے لیا تھا۔

4 ملکی اجلاس

فرانس کی میزبانی میں ہالینڈ، بیلجئیم اور جرمنی کے وزرا برائے امیگریشن امور کا اجلاس اتوار کو ہوا ہے، جس میں کشتیوں کے ذریعہ انسانی اسمگلنگ روکنے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یورپی پولیس فرنٹکس یکم دسمبر سے انگلش چینل میں ایک طیارہ تعینات کرے گی، جو 24 گھنٹے انسانی اسمگلرز کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گا، فرانسیسی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ہالینڈ سے فرانس تک کے علاقے کی نگرانی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:انگلش چینل کئی درجن تارکین کا قبرستان بن گیا، اسمگلرز کیخلاف بڑی کارروائی کا اعلان

ٰخیال رہے کہ چند روز قبل انگلش چینل میں تارکین کو بڑا حادثہ پیش آیا تھا، تارکین کی کشتی فرانس کی سمندری حدود میں ہی ڈوب گئی، حادثہ میں کم ازکم 31 تارکین ڈوب گئے تھے، جن میں 5 خواتین اور ایک کم عمر لڑکی بھی شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.