اٹلی سمیت تین یورپی ملکوں میں خواتین کا مارچ

0

 روم۔اٹلی سمیت تین یورپی ملکوں میں خواتین نے مردوں کی زیادتیوں کے خلاف بڑے مارچ کئے ہیں، جن میں ہزاروں خواتین نے حصہ لیا ہے، دوسری طرف اٹلی میں ایک خاتون اینکر کو سرے عام ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آگیا ہے،خاتون اینکر کو بیپر دینے کے دوران چھیڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں دارالحکومت روم، جرمنی میں میونخ اور برطانیہ میں لندن کے اندر ہزاروں خواتین نے ہفتہ کے روز مارچ کیا ہے، جس کا مقصد مردوں کی جانب سے خواتین کے خلاف بڑھتے تشدد اور زیادتی کے واقعات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا تھا، خواتین نے مختلف بینر اٹھا ر کھے تھے، جن پر ریپ سمیت خواتین سے زیادتیوں پر احتجاجی نعرے درج تھے، یہ احتجاجی مارچ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے عالمی دن کے حوالے سے کئے گئے، جو 1999 سےاقوام متحدہ کے تحت منایا جارہا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں 73 کروڑ 60 لاکھ سے زائد خواتین کو کسی نہ قسم کے تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں سے ایک تہائی اپنے ساتھی یا شوہر کا نشانہ بنتی ہیں۔

اٹلی میں ہراسانی کا واقعہ

اٹلی میں فلورنس کے علاقے میں ایک خاتون اینکر فٹبال میچ کے بعد اپنے ٹی وی کو بیپر دے رہی تھی کہ اسے اسٹیڈیم سے نکلنے والے کچھ تماشائیوں نے ہراساں و تنگ کیا ہے، Greta Beccaglia نامی اینکر کو چھیڑنے کے معاملے کا حکومت نے اعلیٰ سطحی نوٹس لیا ہے، جبکہ پولیس نے فوٹیج کی مدد سے ملوث افراد کو تلاش کرنے کا اعلان کیا ہے، خاتون اینکر کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میرے ساتھ کوئی ایسا کرے گا، یہ کم ازکم آئندہ کسی خاتون کے ساتھ نہیں ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ تو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا، لیکن یہ سب کچھ دیگر خواتین کے ساتھ بھی ہورہا ہے، جس کا ہمیں پتہ بھی نہیں چلتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.