ویکسین لگوائے بغیر گرین پاس حاصل کرنے کیلئے اطالوی شہری نے عجیب حرکت کردی

0

روم: اٹلی میں گرین پاس کی سختی کے باعث شہریوں کو ویکسین لازمی لگوانی پڑرہی ہے، جبکہ ویکسین مخالف اس سے بچنے کے طریقہ نکالتے رہتے ہین، ایسا ہی اب ایک واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں شہری نے ویکسین لگوائے بغیر گرین پاس حاصل کرنے کے لئے انوکھی حرکت کردی، وہ نرس کو دھوکہ دینے کے قریب تھا، لیکن آخری وقت میں شک کے دائرے میں آگیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں گرین پاس کی سختی کے بعد بھی ایسے لوگ موجود ہیں، جو ویکسین لگوانے کے بجائے فراڈ سے گرین پاس حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسا ہی ایک معاملہ پیومونتے کے علاقہ Biella میں پیش آیا ہے، جہاں ایک 50 سالہ شخص کلینک میں ویکسین لگوانے گیا۔ نرس Filippa Bua نے ویکسین لگانے کیلئے انجکشن بھرا اور اس کے بازو میں لگانے لگی، تو اسے محسوس ہوا کہ اس شخص کے بازو کا رنگ اس کے چہرے اور ہاتھ  کے مقابلے میں کچھ عجیب سا اور جلد بہت سخت ہے، نرس نے پہلے سمجھا کہ یہ شخص اس ہاتھ سے معذور ہے، اور اس نے اسے غلط ہاتھ میں انجکشن لگانے کا کہہ دیا ہے۔

تاہم جب اس نے غور سے دیکھا تو اسے پتہ چل گیا کہ اس شخص نے دھوکہ دینے کیلئے بازو کے اوپر سیلیکون کور چڑھا رکھا ہے، تاکہ ویکسین جسم کے اندر جانے کے بجائے سیلیکون کور میں ہی رہ جائے، دوسری طرف وہ گرین پاس کا اہل ہوجائے، اس شخص کا فراڈ سامنے آنے پر نرس جذباتی ہوگئی، اور کہا کہ وہ 1987 سے لوگوں کو مختلف ویکسین لگا رہی ہے، کبھی ایسا نہیں ہوا، اس شخص کی حرکت نے اسے بہت افسردہ کیا ہے۔ پیومونتے کی ریجنل حکومت نے بھی اس شخص کے طرز عمل کی مذمت کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.